فلم 'موئن جو دڑو' کا ٹوئٹر پر مذاق
سوشل میڈیا پر موجود صارفین بولی وڈ فلموں اور اداکاروں کا مذاق اڑانے کا ایک موقع بھی نہیں چھوڑتے اور ان کا نیا نشانہ ہریتھیک روشن کی فلم ’موئن جو دڑو‘ کا ٹریلر ہے۔
کامیاب فلم ’لگان‘ اور ’جودھا اکبر‘ کے ہدایت کار آسوتوش گواریکر نے فلم ’موئن جو دڑو‘ کی ہدایات دی ہیں جبکہ سدھارتھ روئے کپور اور سنیتا گواریکر نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں ہریتھیک روشن کے ساتھ اداکارہ پوجا مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔
مزید پڑھیں: ہریتھیک کی ’موئن جو دڑو‘ کا شاندار ٹریلر جاری
فلم کے ٹریلر کے ریلیز ہوتے ہی اسے اب تک ہزاروں افراد اسے دیکھ چکے ہیں ساتھ ساتھ اسے کافی پسند بھی کیا جارہا ہے، لیکن کئی ایسے بھی ہیں جو اس میں موجود مناظر کا مذاق بنانے سے باز نہیں آئے۔
ان حضرات کا کہنا تھا ’میں نے موئن جو داڑو کا ٹریلر دیکھا، ایک نوجوان لڑکا خوبصورت لڑکی کو بوسا دے رہا ہے، اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس وقت کی ہندوستان کی تہذیب کافی ’کول‘ تھی‘۔
انہوں نے آشوتوش کی طویل فلمیں بنانے کا ہی مذاق اڑادیا، ان کا کہنا تھا ’دوست: کیا تم نے آشوتوش گواریکر کی فلم موئن جو داڑو کا ٹریلر دیکھا؟ میں: کتنی ریل کا ٹریلر ہے؟‘
ایک صارف نے آشوتوش کی فلم ’جودھا اکبر‘ کا ہی مذاق بنادیا، ان کا کہنا تھا ’ٹریلر میں دکھایا گیا کہ فلم کے ہدایتکار’جودھا اکبر‘ کے ڈائریکٹر ہیں، جیسے یہ کوئی بہت اچھی بات ہو‘َ۔
انہوں نے ہدایت کار کی فلاپ فلموں کا بھی پیچھا نہ چھوڑا، صارف کا کہنا تھا ’ٹریلر میں یہ کیوں نہیں بتایا گیا کہ اس فلم کی ہدایت ’واٹس یار رشی‘ اور ’کھیلیں ہم جی جان سے‘ کے ہدایت کار نے دی ہے؟‘
ان کا تنقیدی انداز میں کہنا تھا ’فلم کے ٹریلر نے اس بات کو واضح کردیا کہ وادئ سندھ کی تہذیب کا اختتام ہریتھیک کے غصے والے چہرے کے باعث ہوا‘۔
ایک صارف نے کنگنا رناوٹ اور ہریتھیک روشن کی فلم ’کرش 3‘ کو بھی نہ بخشا، ’کنگنا اپنا کرش 3 کا کردار یہاں بھی دھرا رہی ہیں، اس بار وہ ہریتھیک کو ضرور مار دیں گی‘۔
ایک صارف کا ٹریلر پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا ’5 گھنٹے کا ٹریلر آخر کار ختم ہوگیا، مگرمچھ نے بہت اچھی پرفارمنس دی، سنا ہے دوسرے ٹریلر میں ڈائناسار ہوگا‘۔
فلم ’موئن جو دڑو‘ رواں سال 12 اگست کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔












لائیو ٹی وی