• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

کابل: منی بس میں خودکش دھماکا، 14 ہلاک

شائع June 20, 2016
دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے—۔فوٹو/ رائٹرز
دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے—۔فوٹو/ رائٹرز

کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک منی بس میں ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق صدیقی کے حوالے سے بتایا کہ غیر ملکی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈذ کی ایک بس میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 8 زخمی ہوئے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی قومیت کی شناخت کی جارہی ہے۔

تاہم ایک پولیس اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ واقعے میں نیپالی شہریوں کو نشانہ بنایا گیا جو ایک نجی کمپنی میں بطور سیکیورٹی گارڈ ملازمت کر رہے تھے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ زخمیوں میں افغان شہری بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا۔

واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو اہلکار جائے وقوع پر پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ گذشتہ ماہ بھی وزارت قانون کے عملے کو لے جانے والی بس پر خود کش دھماکا ہوا تھا، جبکہ 5 جون کو افغانستان کے جنوب مشرقی صوبے لوگر میں عدالت پر حملے کے نتیجے میں 7 افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں:افغانستان: عدالت پر حملے میں 7 افراد ہلاک

اس سے 3 روز قبل صوبہ غزنی میں بھی عدالت پر حملہ کیا گیا تھا جس میں کئی افراد ہلاک ہوئے تھے۔

مذکورہ حملوں کی ذمہ داری افغان طالبان نے قبول کی تھی اور اس کی وجہ 6 طالبان قیدیوں کی پھانسی بتائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ 21 مئی کو افغان طالبان کے سربراہ ملا اختر منصور پاکستانی صوبہ بلوچستان میں ایک امریکی ڈرون حملے کے نتیجے میں ہلاک ہوگئے تھے، جس کے بعد مولوی ہیبت اللہ اخونزادہ کو افغان طالبان کا نیا امیر مقرر کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:افغانستان: داعش کا حملہ،5 پولیس اہلکار ہلاک

دوسری جانب افغانستان میں شدت پسند تنظیم داعش کی کارروائیاں بھی جاری ہیں۔

رواں ماہ 11 جون کو افغان صوبہ ننگر ہار کے ہسکہ منا ضلع میں داعش کے حامی جنگجوؤں نے پولیس ہیڈکوارٹر پر حملہ کیا،جس کے نتیجے میں ضلعی پولیس چیف سمیت 5 پولیس اہلکار ہلاک ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 13 شدت پسند بھی مارے گئے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024