• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

عمر متین کی اہلیہ کے خلاف تحقیقات کا امکان

شائع June 16, 2016
اورلینڈو واقعے کا مرکزی حملہ آورعمر متین—۔فوٹو/ رائٹرز
اورلینڈو واقعے کا مرکزی حملہ آورعمر متین—۔فوٹو/ رائٹرز

نیویارک: امریکی میڈیا نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عمر متین کے اورلینڈو کے کلب میں فائرنگ کے منصوبے سے پولیس کو آگاہ نہ کرنے پر ان کی دوسری اہلیہ کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے۔

عمر متین کی دوسری اہلیہ نور بانو نے فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن (ایف بی آئی) کو دیئے گئے بیان میں کہا تھا کہ انھیں خدشہ تھا کہ ان کا شوہر ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب پر حملہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

بیان کے مطابق انھوں نے عمر متین کو ایسا کرنے سے روکا لیکن اپنے شوہر کے گھر سے نکلنے کے بعد پولیس کو آگاہ نہیں کیا۔

تحقیقات کے دوران نوربانو نے بتایا کہ ان کے شوہر عمر متین، گھر سے ایک دوست سے ملنے کا کہہ کر گئے تھے تاہم انھیں یقین تھا کہ وہ نائٹ کلب پر حملے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ عمر متین نے اتوار 12 جون کو امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو کے ایک ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ کرکے 50 افراد کو ہلاک اور 53 افراد کو زخمی کردیا تھا۔

یہ پڑھیں: امریکا:ہم جنس پرستوں کے کلب میں فائرنگ، 50 ہلاک

امریکی میڈیا این بی سی کے مطابق نور بانو اپنے شوہر کے اس گھناؤنے جرم میں ملوث تھی، کیونکہ نور بانو نے ایف بی آئی کو دیئے گئے بیان میں کہا تھا کہ وہ اپنے شوہر کے ارادے سے آگاہ تھیں۔

نور بانو نے تحقیقات کے دوران بیان دیا تھا کہ جب عمر متین نے آتشیں ہتھیار خریدا تھا تو اس وقت بھی وہ ان کے ساتھ تھی۔

حکام پولیس کو عمر متین کے منصوبے سے آگاہ نہ کرنے پر نور بانو کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کے بارے سوچ رہے ہیں تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔

مزید پڑھیں: اورلینڈو فائرنگ: عمر متین بھی ہم جنس پرست؟

حکام کے مطابق عمر متین کی اہلیہ نے تفتیش کاروں کے ساتھ بہت تعاون کیا ہے، انہیں خدشہ ہے کہ اگر ان کی اہلیہ کے خلاف قانونی چارہ کی گئی تو وہ حکام کو مزید معلومات دینے سے انکار کردیں گی۔

نیویارک میں پیداہونے والا عمر متین ایک افغان تارک وطن کا بیٹا تھا۔ اس کے دوستوں اور گھر والوں کے مطابق وہ ایک محبت کرنے والا انسان تھا۔ بعدازاں ان کے اہلخانہ فلوریڈا منتقل ہوگئے جہاں عمر متین نے اپنے گھر کے قریب انڈیانا ریور اسٹیٹ کالج سے تعلیم حاصل کی۔

عمر متین نے 2006 میں کرمنل جسٹس ٹیکنالوجی میں گریجویشن کی، بعدازاں اس نے ایک نجی کمپنی میں سیکیورٹی گارڈ کی نوکری حاصل کی، وہ پولیس سے بہت متاثر تھا۔

عمر نے دو شادیاں کی تھیں اور اس کا 3 سال کا ایک بیٹا بھی ہے۔

یہاں پڑھیں: اورلینڈو کلب فائرنگ: عمر متین 'ذہنی بیمار' تھا، سابق اہلیہ

واضح رہے کہ عمر متین کی سابق اہلیہ ستارہ یوسفی نے اورلینڈو واقعے کے بعد بیان دیا تھا کہ ان کا سابق شویر ایک جذباتی، ذہنی طور پر پریشان اور پرتشدد مزاج شخص تھا جو پولیس افسر بننا چاہتا تھا۔

یہ خبر 16 جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024