• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

صدارتی نامزدگی،اوباما کی ہیلری کی باضابطہ حمایت

شائع June 10, 2016
امریکی صدر اوباما نے ہیلری کلنٹن کی حمایت کے حوالے سے وڈیو جاری کی ہے —فائل فوٹو / اے پی
امریکی صدر اوباما نے ہیلری کلنٹن کی حمایت کے حوالے سے وڈیو جاری کی ہے —فائل فوٹو / اے پی

واشنگٹن: امریکی صدر براک اوباما نے عہدہ صدارت کے لیے ڈیموکریٹک امیدوار ہیلی کلنٹن کی باضابطہ طور پر حمایت کردی، انہوں نے تمام ڈیموکریٹس سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیلری کی حمایت کے لیے متحد ہوجائیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ عہدہ صدارت کے لیے ماضی میں کوئی امیدوار اتنا اہل رہا ہوگا جتنی ہیلری کلنٹن ہیں۔

مزید پڑھیں: ہیلری کلنٹن کو درکار ارکان کی حمایت حاصل

ہیلری کلنٹن کی انتخابی مہم کی جانب سے جاری وڈیو میں براک اوباما کو یہ کہتے ہوئے دکھایا گیا ہے کہ ‘میں بہت پرجوش ہوں اور ہیلری کے ساتھ ہوں، مجھ سے صبر نہیں ہورہا کہ میں باہر نکلوں اور ہیلری کلنٹن کے حق میں مہم چلاؤں۔

ہیلری کلنٹن نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر براک اوباما کی حمایت حاصل ہونا اعزاز کی بات ہے۔

براک اوباما کی جانب سے ہیلری کی حمایت کے بعد صدارتی نامزدگی کے دوسرے امیدوار امریکی سینیٹر برنی سینڈرز پر دستبرداری کے حوالے سے دباؤ بڑھ گیا ہے تاکہ ڈیموکریٹک پارٹی ری پبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مہم پر مکمل توجہ مرکوز کرسکے۔

یہ بھی پڑھیں: بلاول کو ایکشن میں دیکھ کر ہیلری کلنٹن خوش

ہیلری کلنٹن کی جانب سے رواں ہفتے مطلوبہ مندوبین کی حمایت حاصل کیے جانے کے بعد اس بات کا امکان تھا کہ امریکی صدر کلنٹن کی حمایت کریں گے، اوباما ووٹرز میں اب بھی مقبول ہیں اور توقع ہے کہ ان کی حمایت سے ہیلری کلنٹن کو بہت فائدہ پہنچے گا۔

یاد رہے کہ 2008 میں صدارتی انتخاب کیلئے ہونے والے پرائمری الیکشن میں اوباما اور ہیلری کلنٹن حریف تھے، اس وقت اوباما نے کامیابی حاصل کی تھی، بعد ازاں کلنٹن اوباما کے پہلے دور حکومت میں بطور امریکی وزیر خارجہ کام کرتی رہیں۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ ری پبلکن پارٹی کے یقینی امیدوار

برنی سینڈرز نے وائٹ ہاؤس میں براک اوباما سے ملاقات کے بعد کہا کہ وہ ٹرمپ کو شکست دینے کیلئے ہیلری کلنٹن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

سینڈرز نے یہ بھی کہا کہ وہ فی الحال صدارتی انتخاب کیلئے نامزدگی کی دوڑ سے دستبردار نہیں ہوں گے اور ڈیموکریٹک پارٹی کے 14 جون کو واشنگٹن میں ہونے والی پرائمری الیکشن میں حصہ لیں گے۔

علاوہ ازیں میساچیوسٹس سے سینیٹر الزبتھ وارین نے بھی ہیلری کلنٹن کی حمایت کا اعلان کردیا ہے، انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی سلامتی کیلئے بڑا خطرہ قرار دیا۔

ادھر ٹرمپ نے اوباما کی جانب سے ہیلری کی حمایت کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے، ٹرمپ نے لکھا ‘اوباما نے ابھی ہیلری کی حمایت کی ہے، وہ اوباما کی طرح کے مزید چار برس اقتدار چاہتے ہیں،لیکن اور کوئی ایسا نہیں چاہتا’۔

جس کے جواب میں ہیلری کلنٹن نے ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنا ٹویٹر اکاونٹ ڈیلیٹ کرنے کا مشورہ دیا۔

رائٹرز کو اپنے انٹرویو میں ہیلری کلنٹن نے کہا کہ اگر انہوں نے ٹرمپ کو شکست دے دی تو ان کے دور صدارت کے پہلے 100 دنوں میں مجموعی اقتصادی پیکج سامنے آجائے گا۔

ان کا دعویٰ ہے کہ اس میں وال اسٹریٹ کا استحکام اور درمیانی آمدنی والے طبقے کیلئے ٹیکس میں کمی جیسے منصوبے شامل ہوں گے۔

ہیلری نے مزید کہا کہ میں وائٹ ہائوس میں اچھی شروعات کی اہمیت سے واقف ہوں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024