• KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm
  • KHI: Asr 4:15pm Maghrib 5:51pm
  • LHR: Asr 3:29pm Maghrib 5:06pm
  • ISB: Asr 3:28pm Maghrib 5:06pm

محمد عامر کو برطانیہ کا ویزہ جاری

کراچی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر محمد عامر کو 6 سال بعد ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے ٹیم کے ساتھ دورہ انگلینڈ کے لیے ویزا جاری کردیا گیا۔

پی سی بی حکام نے بھی محمد عامر کے برطانوی ویزا جاری ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ حکام کے مطابق عامر کو انگلینڈ کے سفر کے لیے پاسپورٹ سمیت دیگر دستاویزات کے موصول ہونے کا انتظار ہے جس کے بعد وہ 18 جون کو ٹیم کے ساتھ انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

محمد عامر 6 سال بعد لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے جہاں انھوں نے اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا اور اس سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔

محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لیے ٹیسٹ میں شامل کیا گیا تھا تاہم انگلینڈ کے جانب ویزے کے اجرا میں تاخیر کی جارہی تھی جس کے بعد پی سی بی نے اسلام آباد میں موجود برطانوی ہائی کمشنر سے ویزے کی درخواست کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

دوسری جانب انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے بھی اپنی حکومت سے عامر کے ویزے کے اجرا کی حمایت کی تھی۔

محمد عامر کو 2010 میں سابق کپتان سلمان بٹ اور محمد آصف کے ساتھ لارڈز ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ کے جرم میں 5 سال کے لیے کرکٹ کھیلنے پر پابندی جبکہ قید بھی ہوئی تھی، انھیں 6 ماہ کے لیے برطانیہ کے نوجوان قیدیوں کے انسٹیٹیوٹ میں رکھا گیا تھا۔

ان کے دورے انگلینڈ ٹیم کے کپتان الیسٹر کک اور اسٹورٹ براڈ سمیت دیگر کھلاڑیوں نے حمایت کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں کا اعتراف کیا تھا۔

مزید پڑھیں: عامر کے دورے پر کوئی اعتراض نہیں:اسٹورٹ براڈ

محمد عامر نے گزشتہ سال پابندی کے اختتام پر کرکٹ میں واپسی کی تھی اور ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کے دورے لیے ٹیم میں منتخب ہوئے تھے جہاں انھوں نے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں اچھی باؤلنگ کی تھی۔

بعد ازاں انھیں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی اورورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا جہاں انھوں نے تمام ٹیموں اور بالخصوص ہندوستان کے خلاف شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویرا ت کوہلی جیسے بلے باز کو شدید مشکلات کا شکار کردیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'میچ فکسنگ کرنیوالے پر تاحیات پابندی ہونی چاہیے'

محمد عامر نے 14 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے جس میں انھوں نے 51 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 17 ون ڈے میچوں میں 30 اور 29 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں 34 وکٹیں حاصل کی ہیں۔

پاکستان ٹیم دورہ انگلینڈ کے لیے 18 جون کو پاکستان سے روانہ ہوگی جہاں سائیڈ میچوں اور پریکٹس کے بعد 14 جولائی سے پہلا ٹیسٹ شروع ہوگا۔

قومی ٹیم دورے میں 4 ٹیسٹ، 5 ون ڈے اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024