چینی سے دوری صرف 9 دن میں صحت بہتر بنائے
ماہ رمضان کے دوران اگر آپ اپنی صحت کو بہتر بنانا چاہتے ہیں اور وہ بھی کیلوریز میں کٹوتی یا جسمانی وزن میں کمی کے بغیر تو بس 9 دن کے لیے چینی کھانے سے گریز کریں۔
جی ہاں ویسے تو میٹھی اشیاءہر ایک کو پسند ہوتی ہیں اور ان کو دیکھ کر ہاتھ روکنا مشکل ہوجاتا ہے مگر چینی کے استعمال کو کم کرکے محض چند دنوں میں صحت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
یہ دعویٰ ایک امریکی طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔
کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق اپنی غذا میں چینی کا استعمال کم کرنے سے محض نو دن کے اندر ہی صحت کو ڈرامائی حد تک بہتر بنایا جاسکتا ہے۔
تحقیق میں تو یہ بھی کہا گیا ہے کہ کھانا زیادہ کھائیں یا وزن کم نہ بھی کریں مگر چینی کی نمایاں کٹوتی ہی صحت میں بہتری کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔
اس تحقیق کے دوران موٹاپے کے شکار بچوں کی غذا میں سے چند روز کے لیے چینی کو ہٹا دیا گیا اور صرف 2 ہفتے سے بھی کم وقت میں ان کے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
یہ بھی پڑھیں : اگر چینی کھانا چھوڑ دیں تو کیا ہوگا؟
محققین کا کہنا تھا کہ چینی میٹابولزم کے لیے اپنی کیلوریز کے باعث ہی نقصان دہ نہیں بلکہ یہ جسم پر بوجھ بڑھانے کے باعث خطرناک ہوتی ہے۔
تحقیق کے مطابق چینی کا استعمال کم کرنے سے میٹابولک سینڈروم کا خطرہ دور ہوتا ہے جو کہ ایسی علامات کا اجتماع ہوتا ہے جو دل کے امراض، فالج اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بڑھاتی ہیں۔
یہ سینڈروم ہائی بلڈ پریشر، ہائی بلڈ گلوکوز لیول، کمر پر اضافی چربی کے جمع ہونے اور کولیسٹرول لیول میں اضافے کا باعث بھی بنتا ہے۔
تحقیق کے دوران یہ بات معلوم ہوئی کہ چینی کا استعمال کم کرنے سے بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کی سطح کم، جگر کے افعال میں بہتری جبکہ انسولین لیول ایک تہائی حد تک کم ہوگیا۔
اس تحقیق کے دوران رضاکاروں کی غذا میں چربی، پروٹین، کاربوہائیڈریٹس اور کیلوریز کی سطح تو یکساں رہی تاہم چینی کی مقدار کو 28 فیصد سے 10 فیصد تک کم کیا گیا اور مختصر وقت میں ان کی صحت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔
اس غذا کے نتیجے میں ان کے جسمانی وزن میں کمی بھی دیکھنے میں آئی اور وہ صحت مند سطح تک پہنچ گیا۔
یہ تحقیق طبی جریدے جرنل اوبیسٹی میں شائع ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں