• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

لنکڈ اِن: روزگار اور ملازمت کے لیے کیسے مددگار؟

شائع June 14, 2016
لنکڈ ان کی بدولت آپ بہت جلد ہی اپنی فیلڈ اور انڈسٹری کے لوگوں سے تعلقات قائم کر سکتے ہیں — رائٹرز
لنکڈ ان کی بدولت آپ بہت جلد ہی اپنی فیلڈ اور انڈسٹری کے لوگوں سے تعلقات قائم کر سکتے ہیں — رائٹرز

مجھے نوکری کیوں نہیں ملتی؟

اگر آپ نے اپنی تعلیم مکمل کرلی ہے اور اس کے بعد آپ کو مناسب نوکری نہیں مل رہی ہے تو اس کی دو طرح کی وجوہات ہوسکتی ہیں، اول تو اس کا تعلق ملک کے حالات،اچھی طرز حکومت، جاب مارکیٹ ،سے ہو سکتا ہے۔ اب ان حالات کو ٹھیک کرنا انفرادی طور پر تو ممکن نہیں۔ ان پر صرف تبصرہ اور گفتگو ہی کی جاسکتی ہے۔ اور بس!

لیکن بے روزگاری یا بہتر نوکری نہ ملنے کی دوسری وجہ کا تعلق انفرادی رویوں سے ہے، جسے ٹھیک کیا جاسکتا ہے۔ جس سے بے روزگاری سے روزگار اور نوکری سے مزید بہتر نوکری کا حصول ممکن بن جاتا ہے۔

تعلقات کی ضرورت

بے روزگاری یا نوکری کے دوران مزید ترقی کے نہ ہونے میں جو مشکلات درپیش آتی ہیں ان میں اچھی ڈگری، تجربہ، اپنے کام میں مہارت، کمیونیکشن اسکلز کے علاوہ جس چیز کی ضرورت ہوتی ہے وہ ہے اچھے ’’لنکس‘‘۔

اکثر دیکھا گیا ہے کہ جن لوگوں کے کامیاب افراد سے رابطے زیادہ ہوتے ہیں انہیں نوکری یا ترقی جلدی مل جاتی ہے، چاہے ان کے پاس فنی مہارت کم ہی کیوں نہ ہو۔ ان کے’’ لنکس‘‘ تمام کمزوریوں کو دور کردیتے ہیں۔ اس لیے ملازمت کے حصول یا ترقی کے لیے اچھے تعلقات انتہائی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔

بہتر تعلقات کیسے قائم کیے جائیں؟

روایتی طریقوں سے کامیاب افراد سے بہتر تعلقات قائم کرنا کافی مشکل کام ہے اور ان تعلقات کو برقرار رکھنا تو اور بھی مشکل ترین کام ہے۔ اس چیز کے لیے آپ کو ہر وقت ’’قربانیوں کے لیے تیار‘‘ رہنا پڑتا ہے۔ ان میں وقت، پیسہ، توانائی اور فیملی لائف کی قربانی شامل ہوتی ہے۔ اتنی قربانیوں کے باوجود اس بات کی کوئی گارنٹی نہیں ہوتی کہ وہ شخصیت آپ کے کام آئے گی بھی یا نہیں۔

پھر کیا کیا جائے؟

وہ تمام افراد جو ’’ کامیاب ‘‘ افراد سے روایتی طریقوں سے تعلقات قائم نہیں کر سکتے یا کرنا نہیں چاہتے تو وہ ترقی کے لیے کیا کریں۔ ایسے افراد کو چاہیے کہ وہ اپنی سیلف مارکیٹنگ کریں، یعنی اپنی خوبیوں کو مزید نمایاں کریں۔ اس کی مثال ہمارے معاشرے میں’’سیاست سے وابستہ‘‘ لوگ ہیں کیوںکہ وہ اپنی ذاتی تشہیر کا کوئی مقام ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔ اسکول، کالج، ہسپتال، کی تعمیر تو قومی خزانے کی جاتی ہے مگر اس کا نام پارٹی لیڈرز کے نام پر رکھ دیا جاتا ہے، جیسے’’گورنمنٹ فلان ڈگری کالج ‘‘۔

سیلف مارکیٹنگ یا ذاتی تشہیر کیسے کی جائے؟

اب اکثر احباب کے ذہن میں یہ سوال پیدا ہو رہا ہوگا کہ میں اپنی ذاتی تشہیر کیسے کروں؟ ذاتی تشہیر کرنا کوئی اچھا کام تو نہیں، اس طرح میرے وقار میں کمی آئے گی، لوگ مجھے شہرت کا بھوکا تصور کریں گے۔ نہیں جناب ایسا کچھ نہیں ہوگا۔ ہم آپ کو روایتی طریقے کی بجائے سوشل میڈیا کے ذریعے ذاتی تشہیر کے کچھ طریقوں کے بارے میں آگاہ کرنے کی کوشش کریں گے، جس سے آپ کی خوبیاں صرف ان ہی افراد تک پہنچے گی جنہیں ان کو جاننا بہت ضروری ہے۔ سوشل میڈیا پر بہت سے پلیٹ فارم ایسے ہیں جن سے آپ ذاتی تشہیر اور تعلقات سازی کر سکتے ہیں جیسے فیس بک، ٹوئٹر، یو ٹیوب وغیرہ لیکن اگر آپ ملازمت کے لیے اپنی تشہر اور تعلقات قائم کرنے کے خواہش مند ہیں تو اس کے لیے سب سے موثر پلٹ فارم لنکڈ ان ہے۔

لنکڈ ان کا تعارف

لنکڈ ان ملازمت کے لیے ایک سوشل میڈیا نیٹ ورک ہے، لنکڈ ان سال 2003 سے لوگوں کے لیے کام کررہا ہے۔ اس وقت دنیا بھر کے چار سو ملین افراد اس کے باقاعد ہ ممبر ہیں۔

زیادہ تر لوگ ’’ لنکڈ ان‘‘ کو پروفیشل تعلقات قائم کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں کیونکہ ’’لنکڈ ان‘‘ کا بنیادی مقصد ہی بزنس سے متعلق نیٹ ورکنگ ہے۔ ’’لنکڈ ان‘‘ اپنے ممبران کو اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ وہ اس پلیٹ فارم پر موجود دیگر افراد سے رابطہ قائم کر سکیں. لنکڈ ان کی بدولت آپ بہت جلد ہی اپنی فیلڈ اور انڈسٹری کے لوگوں سے تعلقات قائم کر سکتے ہیں۔

لنکڈ ان کا بنیادی ورژن فری ہے جس کی کوئی بھی فیس نہیں ہوتی لیکن اس کا ایک پریمیم ورژن بھی ہے جس کی باقاعدہ فیس ہوتی ہے۔ اس پیڈ ورژن کو عموماً کارپوریشن کے ہیڈز، کمپنیز کے سی ای اوز زیادہ پسند کرتے ہیں۔

’’لنکڈان‘‘ ہی کیوں، کیا روایتی سی وی مؤثر نہیں؟

کیا روایتی مائیکروسافٹ ورڈ میں ٹائپ شدہ سی وی غیر مؤثر ہے؟ جی ہاں کیونکہ آج کل زیادہ تر بڑی کمپنیز کے ایچ آر مینیجر روایتی سی وی کو زیادہ اہمیت نہیں دیتے کیونکہ ان کو معلوم ہوتا ہے کہ سی وی امیدوار نے خود تیار نہیں کی بلکہ کسی نیٹ کلب میں تیار کروائی گئی ہے۔ جبکہ کمپنیز کے لیے بڑی تعداد میں موجود سی ویز میں سے کسی قابل شخص کو تلاش کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے۔

اس لیے حالیہ کچھ سالوں میں دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ’’لنکڈ ان‘‘ کے ذریعے ملازمتوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے کیونکہ کارپوریشنز کے ریکروٹمنٹ اسپیشلسٹس’’ لنکڈ ان‘‘ کے ذریعے درست امیدوار کو زیادہ جلد اور مؤثر انداز میں تلاش کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

لنکڈان کے مؤثر استعمال کے لیے چند تجاویز

  • اپنی لنکڈ ان پروفائل کا ایڈریس اس انداز میں ترتیب دیں تا کہ سرچ انجن کے ذریعے اسے آسانی سے تلاش کیا جاسکے۔ اپنا پروفائل ایڈریس دوسروں سے مختلف یا یونیک بنائیں تاکہ آپ کے ہم نام لوگوں میں سے آپ کو تلاش کرنا آسان ہو، جیسے نام کے ساتھ شہر کا نام درج کرلیں تاکہ آپ کا نام یونیک بن جائے۔

  • اپنے کریئر کی معلومات مختصراً مگر جامع انداز میں تحریر کریں۔ کوشش کریں کہ تین سو الفاظ سے زیادہ طویل نہ ہو۔

  • جس شعبے میں آپ ملازمت کرنے کے خواہشمند ہیں اسے تعارفی پیراگرف میں ضرور بیان کریں۔ مثلاً ’’میں ویب ماسٹر میں ملازمت کرنے کا خواہاں ہوں‘‘۔

  • پروفائیل میں اکثر لوگ صرف حالیہ نوکری کا ذکر کرتے ہیں۔ اپنی سابقہ تمام نوکریوں کا ذکر کریں تا کہ آپ کے تجربات/مہارت کا بہتر طور پر اندازہ لگایا جاسکے۔

  • اپنی پروفائل پر تسلی کے ساتھ اچھی طرح کام کریں۔ یہ کچھ دقت طلب کام ہے۔ لیکن پروفائل پر آپ جتنی محنت کریں گے نوکری ملنے کے مواقع اتنے زیادہ ہوں گے۔ یہ بات ذہن نشیں کرلیں کہ آپ کے لیے انٹرویو کال کا فیصلہ آپ کی پروفائل دیکھ کر ہی ہوگا۔

  • لہٰذا پرسکون ہو کر، ایک دو دن بھی لگا کر اپنی تمام تر خوبیاں درج کریں۔

  • اپنے ہنر اور مہارت کا ذکر لازمی کریں۔

  • اپنی تمام تر پیشہ ورانہ مہارتوں کو بیان کریں۔ مثلاً اگر آپ کا تعلق ’’آرکیٹیکچر ‘‘ سے ہے تو آپ اپنی فنی مہارتوں میں ڈیزائنگ، تخمینہ و اخراجات، سپر وائز، سائٹ آرگنائزئشن، ماڈل میکنگ، آٹو کیڈ وغیرہ لکھیں گے۔ کہنے کا مقصد یہی ہے کہ آپ جو بھی مہارتیں رکھتے ہیں ان کا ذکر ضرور کریں۔

پروفائل پر سفارش

کم از کم تین سے پانچ کامیاب افراد ایسے تلاش کریں جو آپ کی پروفائل پر اپنے نیک جذبات کا اظہار کر سکیں۔ ’’لنکڈاِن‘‘ پر کامیاب افراد کی ’’ریکمنڈیشنز‘‘ سے کافی اثر پڑتا ہے۔ کوشش کریں کہ یہ وہ افراد ہوں جن کے پاس آپ نے ماضی میں کام کیا ہو۔ جس سے یہ مراد ہوتی ہے کہ وہ آپ کے کام سے مطمئن تھے۔ اس طرح کی ’’ریکمنڈیشنز‘‘ سے آپ کی پروفائل زیادہ متاثر کن بن جائے گی۔

لنکڈان پروفائل کو مزید بہتر بنانے کے لیے بہت سی ویڈیوز ’’یو ٹیوب‘‘ پر دستیاب ہیں۔ اپنا فارغ وقت ان وڈیوز پر صرف کریں۔

پروفیشنل لوگوں سے تعلقات قائم کریں

لنکڈ ان پروفائل کو مکمل کرنے کے ساتھ وہاں موجود اپنی فیلڈ کے دیگر پروفیشنل لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔ جس کا بہت فائدہ ہوتا ہے۔ پروفیشنل دوست آپ کو اپنی کمپنی میں ملازمت دلوانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

لنکڈ ان کو دیگر سوشل میڈیا نیٹ ورک جیسا نہ سمجھیں

لنکڈان کو دیگر سوشل میڈیا فیس بک وغیرہ جیسا تصور نہ کریں، یہ ایک پروفیشنل نیٹ ورک ہے۔ یہاں صرف اپنی پروفیشنل شناخت بنائیں اور اپنے مذہبی، نسلی، لسانی، سیاسی، خیالات کا اظہار ہرگز نہ کریں اور نہ ہی ان لوگوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کریں جن کا آپ سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہ ہو یا آپ کی فیلڈ کے نہ ہوں۔ ایسا کرنے سے آپ کی پروفائل کو اسپیم (SPAM) تصور بھی کیا جاسکتا ہے۔

حسن اکبر

حسن اکبر لاہور کی آئی ٹی فرم ہائی راک سم میں مینیجنگ ڈائریکٹر ہیں۔ شخصیت میں بہتری کا جذبہ پیدا کرنے والی کتب کا مطالعہ شوق سے کرتے ہیں۔ ان کے مزید مضامین ان کی ویب سائٹ حسن اکبر ڈاٹ کام پر پڑھے جا سکتے ہیں۔

ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔
ڈان میڈیا گروپ کا لکھاری اور نیچے دئے گئے کمنٹس سے متّفق ہونا ضروری نہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

عائشہ بخش Jun 15, 2016 02:01am
اچھا ہے ۔ لنکڈان کی زیادہ بڑی خوبی اپنی فیڈ کے لوگوں سے رابطہ ہے ۔ جاب حاصل کرنے کے لئے لنکڈان کے ساتھ ساتھ اپنی سی وی جاب ویب سائٹ مثلا روزی ، بیت مستقبل وغیرہ پر بھی اپ لوڈ کرنی چاہے ۔ اس سے بھی جاب جلدی مل جاتی ہے ۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024