ترکی سے بے دخل 42 پاکستانی وطن واپسی پر گرفتار
سیالکوٹ: غیر قانونی طور پر ترکی کے راستے یورپ جانے والے 42 پاکستانیوں کو گرفتار کرکے نجی ایئرلائن کے ذریعے پاکستان بھیج دیا گیا، جہاں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے انہیں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
3 ماہ قبل ترکی کے راستے یورپ جانے والے 42 افراد کو ترکی میں گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ان افراد کی گرفتاری کے خلاف پاکستانی سفارتخانے نے مداخلت کی جس کے بعد انہیں نجی ایئرلائن کے ذریعے سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ بھیج دیا گیا، جہاں ایف آئی اے نے انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: برطانیہ سے بے دخل 6افراد پاکستان سے واپس
گرفتار ہونے والے زیادہ تر افراد کا تعلق سیالکوٹ سے ہی ہے۔
گرفتار افراد کا کہنا تھا کہ ایجنٹوں نے یورپ پہنچانے کے لیے ان سے 5 سے 8 لاکھ روپے وصول کیے تھے۔
واضح رہے کہ ہر سال متعدد پاکستانی روزگار کے حصول کے لیے سمندری اور دیگر غیر قانونی راستوں سے یورپی ممالک کا رخ کرتے ہیں، جہاں ان میں سے کئی کو نامکمل دستاویزات کے باعث گرفتار بھی کرلیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیں: 50 پاکستانی پناہ گزین ناروے سے ملک بدر
اکثر مغربی بالخصوص یورپی ممالک سے غیر طور پر آنے والے پاکستانیوں کو دہشت گرد قرار دے کر بھی بے دخل کردیا جاتا ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان چند ماہ قبل ایک پریس کانفرنس کہہ چکے ہیں پاکستان کسی بھی ملک کو یہ اجازت نہیں دے گا کہ وہ اس کے بے گناہ شہریوں کو دہشت گرد قرار دے۔
یہ بھی پڑھیں: اٹلی سے بے دخل پاکستانی کو رہا کردیا گیا
انہوں نے یورپی یونین سے ڈی پورٹیز کے ری ایڈمشن کا 2010 میں ہونے والا معاہدہ معطل کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔
بعد ازاں یورپی یونین کے کمشنر برائے تارکین وطن دیمترس اوراموپولس نے اس حوالے سے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران انہیں یقین دہانی کرائی تھی کہ یورپ سے بے دخل پاکستانیوں کو قانونی طور پر ہی پاکستان بھیجا جائے گا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں