• KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am
  • KHI: Fajr 5:35am Sunrise 6:55am
  • LHR: Fajr 5:13am Sunrise 6:38am
  • ISB: Fajr 5:21am Sunrise 6:48am

عامر کے دورے پر کوئی اعتراض نہیں:اسٹورٹ براڈ

شائع June 7, 2016
محمدعامرنے 2010 کے بعد ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا—فوٹؤ: اے ایف پی
محمدعامرنے 2010 کے بعد ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا—فوٹؤ: اے ایف پی

لارڈز: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر اسٹورٹ براڈ نے محمد عامر کے دورہ انگلینڈ کی حمایت کرتے ہوئے انھیں خطرناک باؤلر قرار دے دیا۔

اسٹورٹ براڈ نے عامر کی واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ 'میرا نہیں خیال کہ انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ان کی شمولیت پر کوئی اعتراض یا منفی سوچ ہوگی لیکن مداحوں کی بات الگ ہے'۔

پاکستان ٹیم کے دورہ انگلینڈ کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں محمد عامر کو انگلینڈ کے ویزے سے مشروط کرکے شامل کیا گیا ہے تاہم ان کا ویزے ابھی تک جاری نہیں ہوسکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

ان کا کہنا تھا کہ ' میرے خیال میں وہ اپنی سزا پوری کرچکے ہیں لیکن لارڈز کے تماشائی کرکٹ کے حوالے سے جنونی ہیں اور ان کا اپنا نقطہ نظر ہے'۔

یاد رہے 2010 میں محمد عامر اسی گراؤنڈ میں اسپاٹ فکسنگ کے مرتکب ہوئے تھے جس کے باعث انھیں پانچ سال کی پابندی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ برطانیہ میں انھیں 6 ماہ قید ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: عامر پاکستان کرکٹ کا مستقبل، وسیم اکرم

براڈ نے کہاکہ 'انگلینڈ کی موجودہ ٹیم میں اس سیریز کے صرف چار کھلاڑی ہیں جبکہ پاکستان ٹیم میں بڑی تبدیلیاں ہوئی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ'میں نے گزشتہ 6 سال سے عامر کا سامنا نہیں کیا لیکن اس وقت وہ خطرناک اور سیریز کے بہترین کھلاڑی بھی تھے'۔

اسٹورٹ براڈ نے 2010 میں لارڈز ٹیسٹ میں نوویں نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے شاندار سنچری بنائی تھی جبکہ ٹروٹ کے ساتھ مل کر نوویں وکٹ پر 332 رنز کی شراکت کاعالمی بنایا تھا۔

براڈ کا کہنا تھا کہ اس میچ کے ناخوشگوار واقعے کی وجہ سے ہم اپنی بہترین کارکردگی کو منانے سے قاصر رہے تھے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی کرکٹر محمد عامر پر پابندی ختم

پاکستانی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ایک مضبوط ٹیم اور معیاری باؤلرز کے خلاف کھیلیں اور اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ وہ اچھا باؤلر ہے۔

محمد عامر نے گزشتہ سال کرکٹ میں واپسی کی تھی جس کے بعد وہ دورہ نیوزی لینڈ، ایشیا کپ اور ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں لیکن ٹیسٹ کرکٹ میں تاحال انھیں موقع نہیں ملا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024