• KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am
  • KHI: Fajr 5:54am Sunrise 7:15am
  • LHR: Fajr 5:34am Sunrise 7:01am
  • ISB: Fajr 5:42am Sunrise 7:11am

دورہ انگلینڈ کیلئے ٹیسٹ ٹیم کا اعلان

شائع June 5, 2016

لاہور: چیف سیلیکٹر انضمام الحق نے دورہ انگلینڈ کے لیے 17 رکنی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ محمد عامر کی ٹیم میں شمولیت ویزے سے مشروط ہے۔

دورے پر مصباح الحق کو کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ وکٹ کیپر کے لیے سرفراز احمد اور محمد رضوان کو منتخب کیا گیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انضمام الحق نے بتایا کہ دورے کے لیے پانچ فاسٹ باؤلرز اور دو اسپنرز کو منتخب کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: ٹیم کا انتخاب آرتھر کی مشاورت سے ہوگا: شہریار

فاسٹ باؤلرز میں سہیل خان، راحت علی، محمدعامر، عمران خان اور وہاب ریاض کو شامل کیا گیا ہے تاہم محمد عامر کی شمولیت ویزے سے مشروط ہے۔

چیف سلیکٹر نے کہا کہ امید ہے عامر برطانیہ کا ویزہ مل جائیگا تاہم اگر کوئی مسئلہ ہوا تو انگلینڈ کے دورہ پر موجود اے ٹیم سے کھلاڑیوں کو شامل کیا جاسکتا ہے۔



محمد عامر کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے لیکن ان کی شمولیت ویزے سے مشروط ہے۔

انضمام الحق

یاد رہے کہ ٹیم کو 18 جون کو دورے کے لیے روانہ ہونا ہے جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پرامید ہے کہ آئندہ ہفتے تک عامر کو ویزہ جاری کردیا جائے گا۔

محمد عامر رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کا دورہ کرچکے ہیں جہاں انھوں نے دو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

ان کو 2010 میں اسپاٹ فکسنگ کے اعتراف پر 6 ماہ کی قید ہوئی تھی اور انھیں برطانیہ کے کم عمر قیدیوں کے انسٹیٹیوٹ میں رکھا گیا تھا۔

اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر اس وقت کے کپتان سلمان بٹ اور فاسٹ باؤلر محمد آصف کو بھی برطانوی عدالت نے قید اور ان کے کرکٹ کھیلنے پر پابندی عائد کی تھی۔

عامرسمیت سلمان بٹ اور محمد آصف کو گزشتہ سال آئی سی سی کی جانب سے کرکٹ میں واپسی کی اجازت دی گئی تاہم جرم میں سزا یافتہ ہونے پر برطانوی حکومت عامر کو ویزا جاری کرنے سے انکار کرسکتی ہے۔

تین روز قبل دورہ انگلینڈ کے لیے آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو ڈیوڈ رچرڈسن محمد عامر کی حمایت کرچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر کو انگلینڈ کا ویزہ ملنا چاہیے: آئی سی سی چیف

کوچ مکی آرتھر سے متعلق سوال پر انضمام الحق نے کہا کہ وہ تاحال پاکستان نہیں پہنچ سکے تاہم ٹیم کے انتخاب میں ان کی رائے بھی لی گئی ہے۔

فاسٹ باؤلر جنید خان سے متعلق ایک سوال پر چیف سیلیکٹر نے کہا کہ وہ مکمل ردھم میں نہیں ہیں تاہم وہ ایک اچھے کھلاڑی ہیں اور ان کی ٹیم میں شمولیت زیر غور ہے۔

چیف سیلیکٹر کا مزید کہنا تھا کہ چار ٹیسٹ میچز کے لیے دو وکٹ کیپر بھیج رہےہیں تاکہ ایک پر دباؤ نہ پڑے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 دسمبر 2024
کارٹون : 25 دسمبر 2024