"یہ ہیں محبتیں" پر اردو 1 کو پیمرا کا نوٹس
پیمرا نے ٹیلیویژن چینیل اردو 1 کو اس کے نشر ہونے والے ڈرامے ' یہ ہیں محبتیں' میں نامناسب مناظر پر نوٹس جاری کیا ہے۔
یہ شو بنیادی طور پر انڈین چینیل اسٹار پلس پر نشر ہوتا ہے جسے یہاں اردو 1 چینیل بھی براڈ کاسٹ کرتا ہے۔
یہ ڈراما ایک شخص رامن بہلا کے گرد گھومتا ہے جو اپنی بیوی شگون کو اس وقت طلاق دے دیتا ہے جب اسے معلوم ہوتا ہے کہ وہ اس کے باس سے افیئر چلارہی ہے۔
یہ ڈراما تین مرکزی کرداروں کی محبت کی تھیم کے نشیب و فراز سے گزرتا رہتا ہے۔
یکم جون کو نشر ہونے والی قسط میں ڈرامے کے کرداروں کو جسمانی قربت اور شراب نوشی کرتے ہوئے دکھایا گیا جس پر چینیل اردو 1 کو پیمرا کی جانب سے نوٹس موصول ہوا ہے جس کا عکس آپ نیچے دیکھ سکتے ہیں۔
نوٹس کے مطابق پیمرا کو اس کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر شکایات موصول ہوئی تھیں جن میں کہا گیا تھا کہ ڈرامے کے مناظر خاندان کے ساتھ دیکھنے کے لیے بہت زیادہ نامناسب اور غیراخلاقی ہیں۔
نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پیمرا کی جانب سے اردو 1 کو 2015 میں بھی ایک ڈرامے آشیانہ میری محبت پر اسی طرح کے مواد پر وارننگ جاری کی گئی تھی۔
پیمرا نے جواب کے لیے اردو 1 کو اٹھارہ جون تک کا وقت دیا ہے۔
پیمرا اس سے قبل ہم ٹی وی کو بھی بچوں کے استحصال پر بننے والے ڈرامے اڈاری میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کی عکاسی پر نوٹس جاری کرچکا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں