اسلام آباد میں طوفان،پیشگی اطلاع نہ دینے پر وضاحت طلب
اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے یکم جون کو آندھی اور طوفانی بارش کی پیشگی اطلاع نہ دینے پر محکمہ موسمیات سے وضاحت طلب کرلی۔
وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے محکمہ موسمیات کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ یکم جون کو سہ پہر 4 بجے طوفان واضح طور پر نظر آرہا تھا، لیکن جدید آلات اور ٹیکنالوجی کے باوجود محکمہ طوفان کی پیشگی اطلاع دینے میں ناکام رہا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ شدید آندھی اور طوفان نے خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت میں تباہی مچائی، جس کے باعث قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، جبکہ سرکاری اور نجی املاک کو بھی طوفان کی وجہ سے شدید نقصان پہنچا۔
خط میں ڈی جی میٹ کو مظاب کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ وہ آج ہی فرض سے غفلت برتنے کے حوالے سے وضاحتی رپورٹ پیش کریں۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم نواز شریف عارضہ قلب کے باعث ان دنوں لندن کے ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری
دو روز قبل ان کی اوپن ہارٹ سرجری ہوئی، جس کے بعد انہیں تقریباً 36 گھنٹے انتہائی نگہداشت یونٹ (آئی سی یو) میں رکھا گیا۔
بعد ازاں انہیں روم میں شفٹ کیا گیا جہاں وہ آئندہ چند روز تک ڈاکٹروں کے مشاہدے میں رہیں گے اور مکمل صحت یاب ہونے کے بعد ممکنہ طور پر رمضان کے اختتام سے قبل وطن واپس لوٹیں گے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں