• KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 4:34pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 4:39pm
  • KHI: Zuhr 12:37pm Asr 5:03pm
  • LHR: Zuhr 12:07pm Asr 4:34pm
  • ISB: Zuhr 12:13pm Asr 4:39pm

قومی ٹیم کے کپتان مصباح اور اظہر کے ڈوپ ٹیسٹ

شائع June 3, 2016
مصباح اور اظہرعلی کا ڈوپ ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف اہم دورے سے قبل کیا گیا ہے—فوٹو: اے پی
مصباح اور اظہرعلی کا ڈوپ ٹیسٹ انگلینڈ کے خلاف اہم دورے سے قبل کیا گیا ہے—فوٹو: اے پی

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی سمیت باؤلر جنید خان کے ڈوپ ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کرلیے۔

آئی سی سی نے تینوں کھلاڑیون کے نمونے قذافی اسٹیدیم لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران جمعرات کو حاصل کیے۔

قذافی اسٹیڈیم میں جاری تربیتی کیمپ کے اختتام پر دورہ انگلینڈ کے لیے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔

ڈوپ ٹیسٹ کی رپورٹ آنے میں وقت لگے گا لیکن ٹیسٹ کے لیے نمونے حاصل کرنے کا وقت پاکستان ٹیم کے لیے نہایت اہم ہے۔

قومی ٹیم کے کسی کھلاڑی بالخصوص کپتانوں میں سے کسی ایک کا ٹیسٹ مثبت آنے پر پاکستان کرکٹ کی بدنامی کے ساتھ ساتھ دورے میں انگلینڈ کے خلاف ٹیم کی کارکردگی پر بھی برے اثرات پڑیں گے۔

مصباح الحق کے ٹیسٹ کی رپورٹ خاص دلچسپ ہوگی کیونکہ 42 سال کی عمر میں بہترین فٹنس پر ہرطرف سے ان کی تعریف کی جاتی ہے، اگر وہ اس ٹیسٹ میں سرخرو ہوتے ہیں تو پھر وہ اس داد کے واقعی مستحق ہوں گے۔

تاہم ٹیسٹ کے نتائج مختلف آئے تو ان کا بہترین کیریئر اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔

محمد حفیظ کی تربیتی کیمپ میں واپسی

دوسری جانب اوپنر محمد حفیظ قومی ٹیم کے ساتھ دورہ انگلینڈ جانے کے لیے تیار ہیں جبکہ انھوں نے کیمپ میں پہلی دفعہ بیٹنگ کی اور وہ فٹ نظر آرہے تھے۔

قبل ازیں محمد حفیظ کے حوالے ایسی اطلاعات تھیں کہ گھٹنے کی انجری کے علاج کے باعث دورے میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے اس کے برعکس ان کی میڈیکل رپورٹ حوصلہ افزا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ناقص علاج کے باعث حفیظ کی انجری سنگین

انضمام الحق کی سربراہی میں قومی سلیکشن کمیٹی نے اگلے ہفتے حتمی ٹیم کے اعلان سے قبل ٹیسٹ کپتان مصباح الحق کے ساتھ تفصیلی ملاقات کی اور ٹیم کے انتخاب پر گفتگو کی گئی۔

اطلاعات کے مطابق سلیکٹرز ٹیسٹ سیریز کے لیے 17 رکنی ٹیم بھیجنے پر غور کرر ہے ہیں اور بلے باز آصف ذاکر کو دورے کے لیے ٹیم میں شامل کرنا چارہے ہیں جبکہ دوسرے کھلاڑی اکبر رحمٰن بھی دورے کے لیے امیدوار ہیں۔

یہ خبر 3 جون کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 29 مارچ 2025
کارٹون : 28 مارچ 2025