ریشے دار غذائیں طویل عمر کی کنجی؟
فائبر (ریشے) سے بھرپور غذاﺅں کا استعمال طویل العمری اور صحت مند زندگی میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پھلوں، روٹی یا بریڈ اور دلیے میں پائے جانے والا یہ جز لوگوں کو بڑھاپے میں مختلف بیماریوں اور معذوری سے بچانے کے لیے فائدہ مند ہے۔
تحقیق کے مطابق فائبر کے اثرات اتنے نمایاں ہیں کہ اس کے استعمال کے نتیجے میں لوگوں کی عمر میں 10 سال اضافے کے امکانات 80 فیصد تک بڑھ جاتے ہیں۔
تحقیق کے دوران عمر میں صحت مند اضافے کے لیے ریشے دار غذائیں ایک نمایاں فرق ثابت ہوتی ہیں۔
تحقیق میں مزید بتایا گیا کہ ایسی غذاﺅں کے استعمال کے نتیجے میں ڈپریشن، دماغی تنزلی، کینسر، امراض قلب اور فالج جیسے امراض کے خطرات کم ہو جاتے ہیں۔
محققین نے بتایا کہ جتنی بھی غذاﺅں کا جائزہ لیا گیا، ان میں یہ بات سامنے آئی کہ فائبر کا انسانی جسم پر سب سے زیادہ اثر ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ریشے دار غذائیں فشار خون (بلڈ پریشر) اور ذیابیطس جیسے امراض سے بھی تحفظ دیتی ہیں۔
محققین نے 50 سال سے زائد عمر کے ڈیڑھ ہزار سے زائد افراد کے ڈیٹا اور ان کی غذائی عادتوں کا جائزہ لینے کے بعد یہ نتیجہ نکالا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا تاہم اس سے بیماریوں سے محفوظ زندگی کے لیے ایک راستہ کھلا ہے۔
(یہ تحقیق طبی جریدے دی جرنلز آف گیرونٹولوجی میں شائع ہوئی)
نوٹ: یہ مضمون عام معلومات کے لیے ہے۔ قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ لیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔