• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اثاثوں کی تفصیلات: چاروں وزرائے اعلیٰ کروڑ پتی

شائع June 1, 2016

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے صوبائی اسمبلیوں کے ارکان کے سال 2015 کے گوشواروں کی تفصیلات جاری کردیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے لندن، لاہور اور مری میں 11 کروڑ 60 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد، جبکہ 2006 ماڈل کی ٹویوٹا لینڈ کروزر ظاہر کی جو ان کے دعوے کے مطابق انہیں جزوی طور پر تحفے میں دی گئی تھی۔

شہباز شریف کے گوشواروں کے مطابق وہ شریف خاندان کی 4 کمپنیوں میں بھی نفع نقصان کے حصہ دار ہیں، جن میں حدیبیہ انجینئرنگ، حمزہ اسپننگ مل، محمد بخش ٹیکسٹائل مل اور حدیبیہ پیپر مل شامل ہیں۔

شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز تقریباً 22 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کے اثاثوں کی مالکن ہیں، جبکہ وہ رمضان شوگر مل، حمزہ اسپننگ مل، کلثوم ٹیکسٹائل مل، محمد بخش ٹیکسٹائل مل، مدنی ٹریڈنگ، شریف پولٹری، شریف ڈیری، شریف مل، کوالٹی چکن، کرسٹل پلاسٹکس اور رمضان انرجی لمیٹڈ میں بھی حصہ دار ہیں۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کی دوسری اہلیہ تہمینہ درانی تقریباً 90 لاکھ روپے کے اثاثوں اور جائیداد کی مالکن ہیں۔

خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک بھی 26 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت کی جائیداد کے مالک ہیں، جس میں نوشہرہ میں 216 کنال سے زائد زمین شامل ہے، تاہم ان کے مطابق گاڑیوں میں ان کے پاس صرف ایک 13 لاکھ 67 ہزار روپے مالیت کی ٹویوٹا کرولا کار ہے جبکہ ان کی اہلیہ بھی ڈی ایچ اے لاہور میں 35 لاکھ روپے مالیت کے گھر کی مالکن ہیں۔

سابق وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی کے بیٹے مونس الہٰی نے تقریباً 30 کروڑ روپے نقد کی صورت میں، سرمایہ کاری میں تقریباً 20 کروڑ اور تقریباً 12 کروڑ 40 لاکھ کی جائیداد ظاہر کی، جس میں لاہور اور خیرا گلی کے ان کے گھر شامل ہیں۔

خیبر پختونخوا اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر نے 5 کروڑ مالیت کے اثاثے ظاہر کیے، جس میں بنی گالہ میں ڈیڑھ کروڑ مالیت کے 2 پلاٹ اور ان کے آبائی ضلع صوابی میں 3 کروڑ 40 لاکھ سے زائد مالیت کی جائیداد شامل ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اپنے کُل اثاثوں کی مالیت 2 کروڑ روپے بتائی، جبکہ ان دنوں بیرون ملک مقیم سندھ کے سابق وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے، جائیداد، گاڑیوں اور سرمایہ کاری کی صورت میں 10 کروڑ روپے سے زائد کے گوشوارے ظاہر کیے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سردار ثنا اللہ زہری نے جائیداد، زیورات اور نقد کی صورت میں 14 کروڑ مالیت کے اثاثے بتائے، جبکہ سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر عبد المالک بلوچ نے 3 کروڑ 30 لاکھ روپے مالیت کے اثاثے ظاہر کیے۔

یہ خبر یکم جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024