بلوچستان: سیکیورٹی قافلے پر بم حملہ، 3 اہلکار ہلاک
کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے آواران اور بارکھان میں دو مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار اور 3 شرپسند ہلاک ہوگئے۔
ڈان نیوز کے مطابق بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کے قریب بم دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار ہلاک ہوئے۔
ادھر فرنٹئیر کور (ایف سی) اور حساس ادارے نے بارکھان کے علاقے میں کالعدم تنظیم کے شرپسندوں کے خلاف آپریشن کیا۔
اس دوران فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے اہم کمانڈر سمیت 3 شرپسند ہلاک ہوگئے۔
ایف سی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران شرپسندوں کے قبضے سے ایک ایس ایم جی، 2 رائفل اور ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد کیے گئے۔
ترجمان ایف سی کے مطابق شرپسند اغوا برائے تاوان، سیکورٹی فورسز پر حملوں اور گیس پائپ لائین کو نقصان پہنچانے میں ملوث تھے۔
دوسری جانب بلوچستان کے علاقے سے تربت سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے 3 ملازمین کی لاشیں ملیں ہیں۔
ذرائع کے مطابق دو ہفتے قبل تینوں ملازمین کو نامعلوم مسلح افراد نے تربت سے ہی اغوا کیا تھا۔
خیال رہے کہ بلوچستان کی حکومت اور صوبائی سیکیورٹی حکام گذشتہ کچھ ماہ سے یہ خیال ظاہر کررہے ہیں کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں میں ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' اور افغانستان کے خفیہ ادارہ 'این ڈی ایس' ملوث ہے۔
واضح رہے کہ رواں سال جنوری سے اب تک سیکیورٹی اداروں نے مختلف کارروائیوں کے دوران 'را' اور 'این ڈی ایس' کے سیکڑوں جاسوسوں کو گرفتار کیا ہے، جنھوں نے دوران تشویش نہ صرف صوبہ بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے اور یہاں کی کالعدم تنظیموں کو اسلحہ اور رقم فراہم کرنے کا انکشاف کیا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔