فیمینا مڈل ایسٹ ایوارڈ میں پاکستانی خواتین سرخرو
کراچی: دبئی کے جمیرا بیچ ہوٹل میں گزشتہ روز منعقد کی گئی 'فیمینا مڈل ایسٹ وومن ایوارڈز' کی شاندار تقریب میں پاکستان کی چند کامیاب خواتین کو اعزازات سے نوازا گیا۔
اس ایوارڈ شو کا مقصد دنیا بھر میں موجود مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین کو ان کے بہترین کام کے لیے اعزاز دینا تھا جس میں ہماری کامیاب اداکارہ ماہرہ خان بھی موجود تھیں۔
'ہمسفر' سے کامیابی کی بلندیوں پر پہنچنے والی ماہرہ نے یہ ایوارڈ اداکاری میں اپنی بہترین کارکردگی اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کرنے کی وجہ سے حاصل کیا۔
ماہرہ کے ساتھ ساتھ اس ایوارڈ شو میں پاکستان کی کامیاب ڈیزائنر فرح طالب عزیز کو بھی تخلیقی ڈیزائن مین بہترین کارکردگی کے لیے ایوارڈ دیا گیا، اس تقریب میں فرح کے ہمراہ ان کی بیٹی ملیحہ بھی موجود تھیں۔
اور آخر میں پاکستان کی کامیاب خلاباز نمیرا سلیم کو بھی خلائی تحقیق کے لیے اس اعزاز سے نوازا گیا۔
ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا کہ پاکستان کی باصلاحیت خواتین کو ان کی کارکردگی پر اعزازات سے نوازا گیا ہو، گزشتہ سال عاصمہ نبیل کو آرٹس اور انٹرٹینمنٹ میں بے مثال کارکردگی پر فیمینا ایوارڈ سے نوازا گیا تھا۔
ہم ٹی وی کی سلطانہ صدیقی اور صحافی اور سماجی کارکن سدرہ اقبال کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا جا چکا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔