• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:11pm
  • LHR: Maghrib 5:05pm Isha 6:32pm
  • ISB: Maghrib 5:05pm Isha 6:34pm

جہلم: افتتاح سے ایک ماہ قبل زیرتعمیر پل گرگیا

شائع May 24, 2016
جہلم میں گرنے والا زیرِ تعمیر پل—۔فوٹو/ بشکریہ عامر کیانی
جہلم میں گرنے والا زیرِ تعمیر پل—۔فوٹو/ بشکریہ عامر کیانی

گجرات: صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں نوگراں کے مقام پر ایک زیرِ تعمیر پل افتتاح سے محض ایک ماہ قبل ہی گر گیا۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اگلے ماہ مذکورہ پل کا افتتاح کرنا تھا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی تاہم حکومت نے اس واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

جہلم کے صوبائی حلقہ پی پی 26 سے منتخب رکن صوبائی اسمبلی چوہدری لال خان نے نومبر 2014 میں جہلم کی عوام کو میگا پروجیکٹ کے نام پر شہباز شریف کے نام سے منسوب 'نالہ گہان پل' کا تحفہ دیا جس کا سنگِ بنیاد صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک تنویر اسلم سیٹھی نے رکھا ۔

اس منصوبے کی اہمیت اس لحاظ سے بہت زیادہ ہے کہ یہ جہلم اور پنڈ دادن خان کے لوگوں کو ایک دوسرے سے ملانے کا ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوسکتا ہے۔

جہلم میں گرنے والا زیرِ تعمیر پل—۔فوٹو/ بشکریہ عامر کیانی
جہلم میں گرنے والا زیرِ تعمیر پل—۔فوٹو/ بشکریہ عامر کیانی

پنجاب کی صوبائی حکومت نے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری لعل خان کی تجویز پر اس منصوبے کے لیے 330 ملین روپے منظور کیے تھے، جسے رواں برس جون کے وسط تک مکمل ہونا تھا۔

تاہم پل کے درمیان میں لگائی گئی کنکریٹ کی سلیبیں طوفانی بارش کے باعث نیچے گر گئیں۔

جہلم کے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر (ڈی سی او) اقبال حسین خان نے ضلعی حکومت اور متعلقہ محکمے کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی تحقیقات ایک اعلیٰ سطحی ٹیم کرے گی۔

دوسری جانب ایم پی اے لعل خان نے بھی پل گرنے کے مقام کا معائنہ کیا۔

بعدازاں جہلم کے ڈی سی او کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں رکن صوبائی اسمبلی لعل خان کے حوالے سے کہا گیا کہ واقعے کی وجہ بظاہر انجینئرز کی جانب سے تکنیکی خرابی معلوم ہوتی ہے، تاہم معاملے کی مناسب تحقیقات ہونے تک واضح طور پرکچھ بھی نہیں کہا جاسکتا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر معیاری میٹریل اورپل کی تعمیر میں ہائی وے ڈپارٹمنٹ کی غفلت واقعے کی وجہ معلوم ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ اس پل کی تعمیر کا ٹھیکہ شیخ نظیراینڈ کمپنی کے پاس ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (3) بند ہیں

LIBRA May 24, 2016 02:59pm
well done to good governance keep it up
Inder Kishan Thadhani May 24, 2016 09:41pm
دنیا کے دوسرے ملکوں میں بھی طوفانی بارشیں ہوتی ہیں، وہاں کیوں نہیں گرتے ایسے پُل؟ تحقیقات پر پیسہ خرچ کریں گے جب کہ کوئی بچہ بھی کنکریٹ کی حالت دیکھ کر اندازہ لگا سکتا ہے کہ مٹیریل ناقص تھا۔ تحقیقات کی ضرورت ہی نہیں، عوام کو یہ تھرڈ کلاس تحفہ دینے والے ایم پی اے اور ٹھیکیدار دونوں کو چھتر لگائو، سب سچ بتا دیں گے۔ عجیب ملک ہے، ان پڑھ جاہل ایم پی اے کی تنخواہ لاکھوں میں، پڑھے لکھے اسکالر کی تنخواہ محض چند ہزار۔
یمین الاسلام زبیری May 24, 2016 10:26pm
ممبر صوبائی اسمبلی، وزیر اعلیٰ صوبہ پنجاب، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سب ہی کا نام آرہا ہے۔ کہتے ہیں اللہ کی لاٹھی بے آواز ہوتی ہے۔ کبھی کسی شکل میں کبھی کسی شکل میں گرتی ہی رہتی ہے، لیکن شابش ہے ہماری ڈھٹائی کو۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024