زیرتعمیرگودام کی دیوارگرنے سے 7مزدور ہلاک
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں زیر تعمیر گودام کی دیوار گرنے سے 7 مزدور ہلاک جبکہ 4 زخمی ہوگئے۔
لاہور میں قائد اعظم انٹر چینج کے قریب ڈیرہ گجراں کے علاقے میں تیز آندھی، بارش اور تعمیراتی کام میں نقص کے باعث زیر تعمیر گودام کی تقریباً 40 فٹ لمبی دیوار گر گئی، جس کے نتیجے میں ملحقہ خیموں میں سوئے 7 مزدوروں کی جان چلی گئی، جبکہ واقعہ میں 4 مزدور زخمی بھی ہوئے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے وقت متعدد خمیوں میں 350 سے زائد مزدور سو رہے تھے۔
حادثے کے بعد لاشوں اور زخمیوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 2 زخمی مزدوروں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں میں سے پانچ کی شناخت 22 سالہ ارشد، 19 سالہ ندیم، 35 سالہ مقبول، 24 سالہ عثمان اور 25 سالہ عرفان کے ناموں سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واقعے میں ہلاک ہونے والے مزدوروں میں سے 7 افراد کا تعلق جلال پور، جبکہ دیگر کا تعلق لیاقت پور، میانوالی اور خانیوال سے تھا، جو اورینج لائن ٹرین منصوبے کی تعمیر میں مزدوری کی غرض سے لاہور میں قیام پذیر تھے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔











لائیو ٹی وی
تبصرے (1) بند ہیں