• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

قومی کرکٹرز پاک فوج کے شکرگزار

شائع May 23, 2016
قومی ٹیم 14 مئی سے کاکول میں تربیتی کیمپ میں مصروف ہے—فوٹو: پی سی بی
قومی ٹیم 14 مئی سے کاکول میں تربیتی کیمپ میں مصروف ہے—فوٹو: پی سی بی

ایبٹ آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں نے کاکول میں جاری تربیتی کیمپ کو فائدہ مند قرار دیتے ہوئے قوم اور پاک فوج کے ٹرینر کی محنت کو رائیگاں نہ جانے دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاک فوج کی زیر نگرانی چلنے والے قومی ٹیم کے ٹریننگ کیمپ کے حوالے سے کھلاڑیوں کے ویڈیو پیغامات جاری کئے جس میں انھوں نے عزت دینے پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا۔

یاد رہے کہ دورہ انگلینڈ کیلئے کھلاڑیوں کی فٹنس کا معیار بہتر بنانے کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے کاکول میں فوج کی زیرنگرانی کیمپ لگایا ہے جہاں قومی ٹرینرز کے ساتھ ساتھ فوج کے تربیت کار بھی کھلاڑیوں کی فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔

پاکستان کے لیے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے یونس خان نے کیمپ کے انعقاد کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ ' اگر میں اپنی نوجوانی میں یہاں آتا اور فوجی ٹرینر کے ساتھ کام کرتا تو شاید میری فٹنس آج سے بہتر ہوتی'۔

سابق کپتان نے پاک فوج اور فوجی ٹرینر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'یہاں آنے سے پہلے ہمارے ذہنوں میں کئی خدشات تھے کہ کیا ہوگا لیکن پاک فوج نے ہمیں بہت زیادہ عزت دی اور ہماری فٹنس کو بہتر بنانے کے لیے بہت محنت کی'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اب ہم کوشش کریں گے کہ پاکستان، پاک فوج اور فوجی ٹرینر کو مایوس نہ کریں اور ان کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے'۔

پاکستان کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی پی سی بی کی جانب سے کھلاڑیوں کو اس کیمپ کا موقع دینے پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ 'یہاں پر شروع میں کچھ دن بہت مشکل تھے لیکن اب کیمپ بہترین جارہا ہے اور کھلاڑی لطف اندوز ہورہے ہیں'۔

ا نھوں نے کہا کہ فوج کا اسٹاف ہماری فٹنس بہترکرنے کے لیے بہت محنت کررہا ہے، ہم اچھا محسوس کررہے ہیں اور امید کرتا ہوں کہ یہ محنت مستقبل میں ہمارے کھلاڑیوں کے کام آئے گی'۔

نوجوان اسپن باؤلر نے کہا کہ 'میرے لیے فخر کی بات ہے میں قومی ٹیم کے ساتھ کیمپ کا حصہ ہوں، یہاں پر اسٹاف بہت محنت کررہا ہے اور یہ محنت ہمارے کام آئے گی اور ہم مزید بہتری حاصل کریں گے'۔

یہ کیمپ دو ہفتے تک جاری رہے گا جس کے بعد لاہور میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں کھلاڑیوں کو صلاحیتوں پرکھنے اور اسے بہتر بنانے کیلئے ایک اور کیمپ لگایا جائے گا جہاں نئے کوچ مکی آرتھر بھی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024