• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

تھائی لینڈ: ہاسٹل میں آتشزدگی سے 17طالبات ہلاک

شائع May 23, 2016
آتشتزدگی کا شکار ہونے والے ہاسٹل کا منظر۔ — فوٹو: اے پی
آتشتزدگی کا شکار ہونے والے ہاسٹل کا منظر۔ — فوٹو: اے پی

بینکاک: جنوبی تھائی لینڈ کے پہاڑی علاقے میں واقع ایک اسکول کے ہاسٹل میں آگ لگنے کے نتیجے میں 17 طالبات ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئیں۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق دو منزلہ ہاسٹل کی عمارت میں آگ رات گئے اس وقت لگی جب طالبات سورہی تھیں، جس کے باعث وہ خود کو بچانے میں ناکام رہے۔

— فوٹو: اے پی
— فوٹو: اے پی

چیانگ رائی صوبے کی پولیس کے کرنل پرایاد سنگسن کا کہنا تھا کہ اسکول کے ہاسٹل میں آگ مقامی وقت کے مطابق رات 11 بجے لگی، جس کے نتیجے میں 17 طالبات ہلاک اور 5 زخمی ہوئیں۔

انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے بھی 2 طالبات کی حالت تشویشناک ہے، جبکہ دو تاحال لاپتہ ہیں۔

پرایاد سنگسن کا کہنا تھا کہ آگ بجھانے والے اہلکاروں نے آگ پر قابو پالیا ہے، جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

صوبائی حکام نے ہلاکتوں کی تعداد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والی طالبات کی عمریں 6 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔

صوبے کے نائب گورنر آرکم سُکاپین نے ’اے ایف پی‘ کو بتایا کہ آتشزدگی کے وقت ہاسٹل میں 38 طالبات موجود تھیں، جن میں سے چند جاگنے کے باعث خود کو بچانے میں کامیاب رہیں۔

چیانگ رائی اور اس کے اطراف میں واقع پہاڑیاں، غیر ملکی سیاحوں میں ہائیکنگ اور ایڈوینچر کھیلوں کے مشہور ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024