سرحدعبورکرنے کا انتظام 'افغان حکام کے حوالے'
اسلام آباد: پاک فوج نے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مضبوط کرنے کے لیے انگور اڈہ کے مقام پر سرحد عبور کرنے کے داخلی و خارجی انتظامی معاملات افغان حکام کے حوالے کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ 'افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے سرحدی کے داخلی و خارجی امور کے انتظامی معاملات کو مزید بہتر بنانے کی غرض سے پاک افغان سرحدی علاقے انگور اڈہ پر انتظامات کو افغان حکام کے حوالے کردیا گیا ہے'۔
پاک فوج کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 'مذکورہ اقدام کا مقصد پاک افغان سرحد پر مستقل طور پر امن و استحکام کو فروغ دینا ہے'۔
انھوں نے کہا کہ اس بات پر زور دیا گیا کہ سرحدی امور سے متعلق تمام مسائل باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں گے۔
رواں ہفتے پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیلوال نے پاک فوج کے چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کے دوران طورخم کے سرحدی مسائل کو حل کرنے اور معمول کے مطابق سرحد پار ٹریفک کے دوبارہ آغاز پر اتفاق کیا تھا۔
خیال رہے کہ گذشتہ کچھ سالوں سے پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ رہے ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے پر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کی موجودگی اور ان کی جانب سے سرحدی علاقوں میں حملوں کا ذمہ دار قرار دیتے آئے ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں