کوئٹہ میں دھماکے سے ایک اہلکار ہلاک، 7 زخمی
کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس میں ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ 7 زخمی ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق مشرقی بائی پاس کے قریب ایک پولیس موبائل کو سڑک کنارے نصب بم سے نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک اہلکار ہلاک اور 7 زخمی ہوئے۔
دھماکے کے نتیجے میں پولیس موبائل بھی مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔
زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد فرنٹیئر کورپس (ایف سی) اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔
ڈان نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے میں 4 سے 6 کلو گرام دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں اکثر وبیشتر پولیس اور ایف سی اہلکاروں کو شدت پسندوں کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آتے رہتے ہیں۔
مزید پڑھیں:کوئٹہ: دھماکے میں 5 پولیس اہلکار زخمی
رواں ماہ 3 مئی کو بھی مشرقی بائی پاس کے علاقے میں ایک ریموٹ کنٹرول بم دھماکے کے نتیجے میں 5 پولیس اہلکار ہلاک زخمی ہوئے تھے۔
پولیس حکام کے مطابق ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے دھماکا اس وقت کیا گیا، جب پولیس اہلکار علاقے میں موبائل وین کے ذریعے گشت کر رہے تھے، دھماکے سے پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔