نیب کارروائی: وزارت خارجہ، نیب کے سینئر افسران گرفتار
اسلام آباد: نیب نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور کراچی میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر اور نیب ہی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔

ذرائع کے مطابق لاہور نیب نے اسلام آباد میں ایک کارروائی کے دوران وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر شفقت علی چیمہ کو گرفتار کیا، جس کے بعد وزارت خارجہ میں قائم ان کے دفتر پر چھاپا مار کر ان سے متعلق تمام ریکارڈ بھی اپنی تحویل میں لے لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ان پر الزام ہے کہ وہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں، اس کے علاوہ شفقت علی چیمہ پر زائد اثاثے بنانے کا بھی الزام ہے۔
مذکورہ الزامات کے حوالے سے ان سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ نیب افسران ان کو جلد لاہور منتقل کرکے نیب عدالت سے ان کا ریمانڈ حاصل کریں گے۔
ادھر نیب کراچی نے ایک کارروائی کے دوران پہلی مرتبہ اپنے ہی ایک حاضر افسر اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران علی کو گرفتار کرلیا۔
نیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کامران علی نے فون کرکے سرکاری افسر کو رشوت نہ دینے پر دھمکیاں دیں تھیں۔
بیان میں مزید بتایا گیا ہے کہ کراچی نیب کا افسر کامران علی تھرپارکر کے سرکاری فنڈز میں خردبرد اور بد عنوانی کی تحقیقات کررہے تھے۔
نیب نے کامران علی پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ انھیں مذکورہ کیس کی تحقیقات کے دوران کرپشن کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔