• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

علی حیدر گیلانی کابل سے پاکستان پہنچ گئے

شائع May 11, 2016
علی حیدر گیلانی کو کابل میں پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا—۔ڈان نیوز
علی حیدر گیلانی کو کابل میں پاکستانی حکام کے حوالے کیا گیا—۔ڈان نیوز

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے گذشتہ روز افغانستان سے بازیاب ہونے والے بیٹے علی حیدر گیلانی کابل سے پاکستان پہنچ گئے۔

لاہور ایئرپورٹ پر علی حیدر گیلانی کے استقبال کے لیے ان کے اہلخانہ اور پیپلز پارٹی کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

اس سے قبل علی حیدر گیلانی کی وطن واپسی کے لیے خصوصی طیارہ اسلام آباد سے کابل روانہ ہوا تھا۔

کابل سے لاہور پہنچنے کے بعد علی حیدر گیلانی کی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پہلی سیلفی—۔
کابل سے لاہور پہنچنے کے بعد علی حیدر گیلانی کی اپنے اہلخانہ کے ہمراہ پہلی سیلفی—۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کے مطابق خصوصی طیارے میں دفتر خارجہ کے سینئر پروٹوکول افسران اور علی حیدر گیلانی کے بھائی قاسم گیلانی کابل گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق علی حیدر گیلانی کو کابل میں موجود افغان وزارت دفاع میں پاکستانی سفیر سید ابرار حسین کے حوالے کیا گیا، جہاں سے انھیں کابل ایئرپورٹ کے ذریعے واپس پاکستان لایا گیا۔

علی حیدر گیلانی کے بھائی قاسم گیلانی نے کابل سے پاکستان روانگی سے قبل ٹوئٹر پر کچھ تصاویر بھی شیئر کیں۔

واضح رہے کہ اس حوالے سے معلومات سامنے نہیں آسکیں کہ علی حیدر گیلانی کو پاکستان سے کب افغانستان منتقل کیا گیا تھا۔

علی حیدر گیلانی کی واپسی کی خوشی میں لاہور اور ملتان میں گیلانی ہاؤس کے باہر جشن کا سماں دیکھنے میں آیا اور کارکن ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالتے رہے اور مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں۔

علی حیدر گیلانی کا پرجوش استقبال کیا گیا—۔فوٹو/ اے ایف پی
علی حیدر گیلانی کا پرجوش استقبال کیا گیا—۔فوٹو/ اے ایف پی

یاد رہے کہ علی حیدر گیلانی کو 9 مئی 2013 کو عام انتخابات سے 2 روز قبل ملتان سے اغواء کیا گیا تھا، وہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 200 سے پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے تھے اور انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک جلسے سے خطاب کر رہے تھے کہ اسی دوران نامعلوم افراد کی جانب سے جلسے میں فائرنگ کی گئی، فائرنگ کے نتیجے میں علی حیدر گیلانی کے ذاتی سیکریٹری محی الدین سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ وہ خود لاپتہ ہوگئے تھے۔

علی حیدر گیلانی کی افغانستان بازیابی کی خبریں گذشتہ روز سامنے آئیں، جس کی تصدیق پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹوئٹر پیغام کے ذریعے کی۔

مزید پڑھیں:علی حیدرگیلانی افغانستان سے بازیاب

بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ علی حیدر گیلانی کی بازیابی کے حوالے سے یوسف رضا گیلانی کو افغانستان کے سفیر کی ٹیلی فون کال موصول ہوئی، جس میں یوسف گیلانی کو بتایا گیا کہ ان کے بیٹے کو کامیاب آپریشن کے بعد بازیاب کروایا گیا۔

دفترخارجہ نے بھی اپنے بیان کے ذریعے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق افغانستان کے قومی سلامتی کے مشیر محمد حنیف اتمر نے پاکستانی ہم منصب سرتاج عزیز کو ٹیلی فون کرکے علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی تصدیق کی۔

حنیف اتمر نے بتایا کہ علی حیدرگیلانی کو افغان اور امریکی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے ذریعے بازیاب کروایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: علی حیدر گیلانی ملتان سے اغواء

دوسری جانب پاکستان میں تعینات افغان سفیر عمر زاخیلوال نے اپنی فیس بک پوسٹ کے ذریعے بتایا کہ 'افغانستان کے صوبے پکتیکا میں افغان سیکیورٹی فورسز کے ایک آپریشن کے ذریعے پاکستان کے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹے علی حیدر گیلانی کو 3 سال بعد القاعدہ سے منسلک ایک گروپ کے قبضے سے بازیاب کروایا گیا'۔

علی حیدر گیلانی کی بازیابی کی خبر سامنے آنے پر پیپلز پارٹی کارکنان نے خوشی کا اظہار کیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں جبکہ یوسف رضا گیلانی کو ان کے بیٹے کی بازیابی پر وزیراعظم نواز شریف، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف سمیت کئی رہنماؤں کی جانب سے تہنیتی پیغامات اور مبارک باد دی گئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (2) بند ہیں

badtameez May 11, 2016 11:26am
a man went to afghanistan without visa and passport
Imran May 11, 2016 01:12pm
صحت سے تو لگتا ہے موصوف طالبان کے ہاں مہمان ٹھرے ہوئے تھے۔رونگ نمبر لگتاہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024