F-16 کی فراہمی:پاکستان کا شرائط ماننے سے انکار
اسلام آباد: وزارت خارجہ کے سیکریٹری اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں امریکا سے ایف 16 طیاروں کی ضرورت ہے، اس حوالے سے کسی بھی قسم کی شرائط عائد نہیں کی جانی چاہیے۔
اسلام آباد میں صحافیوں، دانشوروں، ٹی وی اینکرز اور کارپوریٹ لیڈرز سے خطاب میں سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے ایف 16 طیاروں کا حصول ضرورت ہے، کوشش کی جائےگی کہ اس معاملے پر امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ایف 16 طیارے:’پاکستان کو خود فنڈز دینے ہوں گے‘
یاد رہے کہ تین ماہ قبل امریکا کی حکومت نے کانگریس کو آگاہ کیا تھا کہ 8 ایف سولہ طیارے پاکستان کو فراہم کرنے کا منصوبہ ترتیب دے دیا گیا ہے،پاکستان نے ایف 16 طیارے حاصل کرنے کے لیے 70کروڑ ڈالر ادا کرنے تھے جن میں سے امریکا نے 43 کروڑ ڈالر کی امداد شامل کرنی تھی یوں اسلام آباد کے ذمہ واجب الادا رقم 27 کروڑ ڈالر بن جاتی، امریکا کانگریس کی کمیٹی نے پاکستان کے لیے 43 کروڑ ڈالر کے فنڈز روکے جس کے بعد محکمہ خارجہ نے بھی اس کی تصدیق کر دی تھی،اس کے علاوہ بھی امریکی کانگریس کے پینل نے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مزید 45 کروڑ ڈالر کی امداد روکے جانے کے حوالے سے بِل کے مسودے کی توثیق بھی کی ہے۔
مشیر امور خارجہ کا بیان : 'پاکستان طیارے کہیں سے بھی حاصل کرلے گا'
اعزاز چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایف 16 طیاروں کی فراہمی کا شکیل آفریدی کے معاملے سے کوئی تعلق نہیں، ایف 16 طیاروں کے ساتھ کسی قسم کی شرائط منسلک نہیں ہیں نہ ہی پاکستان کسی قسم کی شرائط تسلیم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایف 16 طیاروں کو صرف دہشت گردی کے خلاف جنگ میں استعمال کیا جائے گا۔
پاک ہند تعلقات
پاک- ہند تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جب بھی کوئی بریک تھرو ہوتا ہے، تو غیر ریاستی عناصر کوئی نہ کوئی واقعہ کر دیتے ہیں۔
خیال رہے کہ ٍپاکستان میں تعینات ہندوستانی ہائی کمشنر گوتم بامبا والے نے گزشتہ روز کہا تھا کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ پٹھان کوٹ واقعے اسلام آباد نے تعاون کا راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ،نئی دہلی کی جانب سے معلومات سامنے آئیں ، اب عدالت ان معلومات کے درست یا غلط ہونے کا فیصلہ کرے گی۔
بلوچستان سے ہندوستانی جاسوس کی گرفتاری پر اعزازاحمد چوہدری کا کہنا تھا کہ کلبھوشن یادیو کی گرفتاری سے پاکستان کے بیرونی مداخلت کے موقف کو تقویت ملی ہے۔
سی-پیک منصوبہ
سی پیک پر گفتگو میں سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے اگر کسی ملک یا ادارے کو مسئلہ ہے تو اس سے نمٹنا جانتے ہیں، کچھ عناصر بلوچستان میں بدامنی کی صورتحال پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
شدت پسند تنظیم داعش کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ داعش کی پاکستان میں منظم موجودگی نہیں ، کچھ لوگ داعش کے ساتھ وابستگی کا دعوٰی کرتے ہیں۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں