‘خیبرپختونخواکےلوگ سنہرےخواب میں پھنسے’
بنوں: وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونوا کے لوگ 2013 کے عام انتخابات میں سنہرے خوابوں میں پھنسے، ہیلی کاپٹر سے صوبہ کو دیکھ لیا لیکن نیاپاکستان یا نیا خیبر پختونخوا نہیں ملا، نیا پاکستان بنانے کچھ نہیں کر رہے، عوام کو پتا چلنا چاہیے کہ کون خدمت اور کون دھرنوں کی سیاست کرتا ہے۔
بنوں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب، بلوچستان اور دیگر صوبوں کے لوگ سنہرے خوابوں میں نہیں آئے، خیبر پختونخوا کے لوگوں کو سنہرے خواب دکھائے گئے، نیا خیبر پختونخوا کہاں ہے۔
واضح رہے کہ جلسے میں جمعیت علماء اسلام کے کارکنوں کی اکثریت شریک تھی، جن کی جانب سے وزیر اعظم زندہ باد کے نعرے بھی لگائے جا رہے تھے۔
"سنا تھا نیاخیبرپختونخوا بن رہا ہے لیکن کہیں نیا خیبرپختونخوا نظرنہیں آیا"
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ صوبے میں ہماری حکومت ہوتی تو آج آپ کو نیا خیبرپختونخوا بنتا نظر آتا، 3 سال ہوگئے لیکن نیا خیبر پختونخوا نہیں بن سکا۔
عوام نے مینڈیٹ دیا ہے آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ کس سے واسطہ پڑا ہے
وزیر اعظم
اپوزیشن کی جانب سے استعفے کے مطالبے پر انہوں نے کہا کہ دھمکیوں سے نہیں ڈرتے نہیں، عوام نے مینڈیٹ دیا ہے آپ کو معلوم ہو جائے گا کہ کس سے واسطہ پڑا ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ کسی کے کہنے پر گھر چلے جائیں، آپ اپنے آپ کو سمجھتے کیا ہیں ، وقت کے ساتھ ساتھ پتہ لگے گا۔
پاناما لیکس میں نواز شریف کے بچوں کے نام آنے کے بعد حزب اختلاف کی جانب سے ہونے والی تنقید اور استعفے کے مطالبے پر وزیر اعظم نے کہا کہ آج پھر ایسے الزامات لگائے جا رہے ہیں، کیا آپ کے کہنے سے ہم گھر چلے جائیں گے، یہ منہ اور مسور کی دال۔
جوڈیشل کمیشن کے قیام اور اس کی تحقیقات پر نواز شریف نے کہا کہ ہمارے خلاف ایک پائی کی کرپشن ثابت ہوجائے تو فوری طور پر گھر چلا جاؤں گا۔
وزیر اعظم کے اعلانات
• بنوں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا قیام
• پاک چین اقتصادی راہداری پر بنوں میں انڈسٹرئیل زون بنانا
• بنوں میں یونیورسٹی بنانے کا اعلان
• 20کروڑ روپے گرانٹ کی منظوری
• 5 یوسیز کو گیس کی فراہمی
تحریک انصاف کی جانب سے 2014 میں اسلام آباد میں مبینہ دھاندلی کے حوالے سے دیئے گئے طویل دھرنے پر نواز شریف نے کہا کہ عام انتخابات پر سپریم کورٹ کا فیصلہ دھاندلی کا شور مچانے والوں پر طمانچہ ہے، سپریم کورٹ نے کہا 2013 الیکشن میں کوئی دھاندلی نہیں ہوئی، لیکن دھندلی کا شور مچانے والوں نے جھوٹ بولنے پر معافی نہیں مانگی۔
وفاقی حکومت کی کارکردگی بتاتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت دل و جان سے کر رہے ہیں، بجلی کی لوڈشیڈنگ 2018 میں مکمل طور پر ختم ہوجائے گی، بجلی کے ساتھ ساتھ گیس بھی آئے گی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے آئی ڈی پیز کی جلد وطن واپسی کے لیے کام کر رہے ہیں۔
ملک میں احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا، فضل الرحمٰن
قبل ازیں جلسے سے خطاب میں جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی – ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ صوبے میں مینڈیٹ کا دعویٰ کرنے والے ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں، ملک میں احتساب ہوگا تو سب کا ہوگا۔
چوہوں سے ڈرنے والوں نے پنجاب کے شیر کو للکارا ہے
امیر جمعیت علماء اسلام
تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ عمران خان کے جلسوں میں اخلاقی اقدار کو پامال کیا جاتا ہے۔
صوبائی حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ صوبائی حکومت کی سب سے بڑی ڈیوٹی چوہوں کو مارنا ہے، چوہوں سے ڈرنے والوں نے پنجاب کے شیر کو للکارا ہے۔
مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کا پسماندہ علاقے میں آمد سے ترقی کا آغاز ہو گیا ہے، گزشتہ 67 سال میں پسماندہ علاقوں کو ہمیشہ نظر انداز کیا گیا، ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔
خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں وزیر اعظم نوازشریف کے جلسہ گاہ پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی- ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر رہنمائوں قائدین نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر اعظم کے اعلانات
وزیر اعظم نواز شریف نے بنوں میں جلسے میں خطاب کے دوران کئی اعلانات کیے۔
نواز شریف نے بنوں ایئر پورٹ کو انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے ساتھ ساتھ پاک چین اقتصادی راہداری میں بنوں میں انڈسٹرئیل زون اور ایک یونیورسٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔
وزیر اعظم کی آمد پر سخت سیکیورٹی
• ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان
• دفعہ 144 نافذ
• تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند
وزیر اعظم کی جانب سے بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لیے مقامی بجلی گھر کی استعداد بڑھانے اور بنوں کے لیے 20 کروڑ روپے کی گرانٹ کے اعلانات بھی کیے گئے۔
نوازشریف نے بنوں میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح ساتھ ساتھ 5 یونین کونسلز کو گیس فراہمی کے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔
ڈان نیوز کے مطابق گیس فراہمی کے منصوبے پر 25 کروڑ 95 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔
وزیر اعظم نے دو میل پر رنگین آباد تک اور کنڈی چوک سے سرائے نورنگ تک 2 رویہ سڑک کا افتتاح بھی کیا۔
نواز شریف کے بنوں کے دورے کے موقع پر ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا، یہ اعلان ضلع ناظم کی جانب سے کیا گیا۔
اعلان کے بعد تمام سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہے، وزیر اعظم کی آمد کے لیے سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے اور انتظامیہ کی جانب سے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کی گئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں