• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:42pm
  • LHR: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm
  • ISB: Asr 3:23pm Maghrib 5:00pm

ریاست کے راز افشاں کرنے پر چینی شہری کو سزائے موت

شائع April 19, 2016

بیجنگ: چین میں ایک شہری کو ملک کے 150,000 خفیہ دستاویزات کو ایک نامعلوم غیر ملکی خفیہ ایجنسی کو افشاں کرنے پر سزائے موت سنادی گئی۔

خیال رہے کہ اس قسم کے مقدمات بہت کم ہی چینی عوام کے علم میں لائے جاتے ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق چین کے سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کمپیوٹر ٹیکنیشن ہانگ یو نامی چینی شہری چین کے ایک ایسے سرکاری ادارے میں کام کرتے تھے جو انتہائی خفیہ دستاویزات پر کام کرتا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے ایک غیر ملکی جاسوس تنظیم کو انٹرنیٹ پر پیغام بھیجا اور پیشکش کی کہ وہ اپنے سابقہ مالک کے ہاں کام کے دوران حاصل کی گئیں دستاویزات فروخت کرنا چاہتا ہے، اس پیغام کے بعد مذکورہ تنظیم اور ہانگ یو میں قریبی تعلقات قائم ہوئے اور تنظیم نے اس کی پیش کش کا خیرمقدم کیا۔

جنوبی ایشیا اور ہانگ کانگ میں ہونے والی ملاقاتوں کے دوران ہانگ یو نے ابتدائی طور پر 150,000 دستاویزات اس تنظیم کو فراہم کیں، جس میں حکمران جماعت کی فوج اور مالی معاملات کے حوالے سے تمام تفصیلات موجود تھیں۔

چین کے سرکاری ٹی وی کے مطابق جس وقت ہانگ یو نے دستاویزات مذکورہ جاسوس تنظیم کو فروخت کیں تو وہ اس وقت سرکاری محکمہ میں ملازم نہیں تھے تاہم انہوں نے حکومت کے خفیہ دستاویزات حاصل کرنے کیلئے اسی محکمے میں موجود اپنی اہلیہ اور سالے کا استعمال کیا۔

ان کے مسلسل غیر ملکی سفر اور غیر متوقع دولت کے باعث انہیں 2011 میں گرفتار کرلیا گیا اور انہیں سزائے موت سنادی گئی۔

ٹی وی رپورٹ میں یہ نہیں واضح کیا گیا کہ آیا ہانگ یو کو سزائے موت دی جاچکی ہے یا وہ کس مقام پر قید ہیں۔

خیال رہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے اندرون ملک اور ملک سے باہر استعمال ہونے والے پرانے سیکیورٹی آلات کی جگہ نئے اور مؤثر آلات کی تنصیب کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تاہم چینی صدر کی جانب سے منظور کردہ یا ابھی منظوری کیلئے تعطل کا شکار نئے سیکیورٹی قوانین نے مغربی حکومتوں میں بے چینی پیدا کردی ہے، جس میں نئے انسداد دہشت گردی قوانین اور سائیبر سیکیورٹی کے حوالے سیکیورٹی قوانین بھی شامل ہیں۔

ان قوانین کو مغربی ممالک کی جانب سے چین میں اختلاف رائے پر حملہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا جارہا ہے۔

یاد رہے کہ چین خود پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مسلسل کی جانے والی تنقید کو مسترد کرتا رہا ہے، چین کا دعویٰ ہے کہ وہ قانون کی حکمرانی پر عمل کرتا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 26 نومبر 2024
کارٹون : 25 نومبر 2024