اسلام آباد: امریکیوں کو میریٹ ہوٹل نہ جانے کا مشورہ
اسلام آباد: شہرِ اقتدار میں واقع امریکی سفارت خانے نے اپنے شہریوں کے لیے وارننگ جاری کی ہے کہ وہ اگلے چند دن تک اسلام آباد کے میریٹ ہوٹل کا دورہ نہ کریں۔
دوسری جانب ہوٹل کی سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے اور پولیس اور رینجرز اہلکار ہوٹل کی عمارت کے اطراف گشت کر رہے ہیں۔
امریکی سفارت خانے کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری کے مطابق 'سفارت خانے کو ہوٹل کے حوالے سے سیکیورٹی خطرے کا علم ہوا ہے، لہذا امریکی شہریوں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ وہ اگلے کئی دن تک اس علاقے میں جانے سے گریز کریں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔'
مزید کہا گیا کہ 'امریکی شہریوں کو پہلے ہی پاکستان کے غیر ضروری سفر نہ کرنے کا کہا گیا تھا، لیکن مشن اُن امریکی شہریوں کو جو پاکستان کا سفر کر رہے ہیں یا پہلے سے ہی موجود ہیں، کو آگاہ کر رہا ہے کہ وہ ملک میں اپنی نقل و حرکت کی اطلاع اپنے کسی قابل اعتماد دوست کو ضرور دیں، ہجوم کا حصہ بننے سے گریز کریں اور ان جگہوں پر جانے سے گریز کریں جہاں غیرملکی جایا کرتے ہیں جبکہ اُن ہوٹلوں میں جانے سے بھی سختی سے گریز کریں جہاں سیکیورٹی کے مناسب انتظامات نہیں ہیں'.
مزید پڑھیں:'امریکی شہری پاکستان کا غیرضروری سفر نہ کریں'
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ امریکی مشن کے عہدیداروں اور وزیٹرز کو پاکستان میں پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے کی اجازت نہیں اور نہ ہی وہ ملک میں کسی ہوٹل میں رات بسر کرسکتے ہیں، 'امریکی شہریوں کو سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر پاکستان میں سفر کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہیئیں۔'
مزید کہاگیا کہ 'امریکی شہری، پاکستان میں کہیں بھی سفر کے دوران وقت اور روٹ کو تبدیل کریں اور ایسے روٹس پر سفر نہ کریں جن کے حوالے سے دوسرے لوگوں کو علم ہو کہ آپ اُس پر سفر کرنے والے ہیں.'
ایڈوائزری میں یہ بھی کہا گیا کہ کراچی اور اسلام آباد میں امریکی شہریوں کو قونصلر خدمات حاصل رہیں گی جبکہ لاہور اور پشاور کے قونصل خانے فی الوقت سہولیات فراہم نہٰں کر رہے۔
واضح رہے کہ اگرچہ میریٹ ہوٹل وفاقی دارالحکومت کے محفوظ ترین ہوٹلوں میں سے ایک ہے، اسے ستمبر 2008 میں خودکش حملے کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے.
جب ڈان نے میریٹ ہوٹل کے اسسٹنٹ چیف سیکیورٹی افسر کرنل محمد زبیر سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ امریکی سفارت خانے نے ہوٹل انتظامیہ سے رابطہ کرکے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی تھی.
انھوں نے بتایا کہ اگرچہ ہمیں علم نہیں ہے کہ امریکی سفارت خانہ اس حوالے سے کیوں پریشان ہے اور انھیں کس قسم کے سیکیورٹی الرٹ موصول ہوئے ہیں لیکن ہمارے سیکیورٹی انتظامات فول پروف ہیں.
محمد زبیر کامزید کہنا تھا کہ یہ ایک عمومی الرٹ ہے جو کچھ دنوں سے گردش کررہا ہے، کیونکہ ہم نے سفارت خانے کے ایک عہدیدار سے بات کی تھی لیکن انھوں نے اس بات کی وضاحت نہیں کی اصل سیکیورٹی الرٹ کیا ہے.
ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت نے بھی اس معاملے کو سنجیدگی سے لیا ہے اور سیکیورٹی کو بڑھا دیا ہے، فی الوقت پولیس اور رینجرز ہوٹل کے اطراف میں گشت کر رہی ہے.
محمد زبیر نے مزید بتایا کہ میریٹ واحد ہوٹل ہے، جہاں انٹیلی جنس کی ٹریننگ اور مہارت رکھنے والے 3 ریٹائرڈ آرمی افسران کام کر رہے ہیں اور ایک ریٹائرڈ بریگیڈیئر تمام سیکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں.
یہ خبر 18 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں