آسٹریلیا نےاذلان شاہ ہاکی کپ جیت لیا
ایپو: آسٹریلیا ہاکی ٹیم نے سلطان اذلان شاہ کپ کے فائنل میں ہندوستان کو شکست دے کر نوویں دفعہ ٹورنامنٹ کی چمپیئن بن گئی جبکہ پاکستان نے پانچویں نمبر کے میچ میں کینیڈا کو شکست دے دی۔
ملائیشیا کے شمالی شہر ایپومیں کھیلے گئے اذلان شاہ ہاکی کپ کے فائنل میں عالمی چمپیئن آسٹریلیا نے ہندوستان کو 4-0 کے بھاری مارجن سے شکست دی۔
آسٹریلیا کی جانب سے کریگ تھامس اور میٹ گوہڈیز نے دو،دو گول کئے۔
ٹورنامنٹ کی تیسری پوزیشن کے لیے میزبان ملائیشیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان سنسنی خیز مقابلہ ہوا جو مقررہ وقت تک 3،3 گول سے برابر رہا اور نتیجہ شوٹ آؤٹ پر جہاں نیوزی لینڈ نے 5-4 سے کامیابی حاصل کرکے میزبان ٹیم کو چوتھے نمبر پر دھکیل دیا۔
پاکستان ہاکی ٹیم نے ٹورنامنٹ میں ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑی ٹیموں سے شکست کھائی لیکن کینیڈا کو ٹورنامنٹ میں دو دفعہ شکست دی اور پانچویں پوزیشن حاصل کی۔
قومی ٹیم نے پانچویں پوزیشن کے لیے کھیلے گئے میچ میں کینیڈا کے خلاف 3 گول کئے اور مخالف ٹیم صرف ایک گول کرنے میں کامیاب ہوئی۔پاکستان کی جانب سے فرید احمد، اعجاز احمد اور محمد ارشد نے ایک، ایک گول کئے۔
قومی ٹیم کے ارسلان قادر کو ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ 6 گول کرنے پر بہترین اسکورر کاایوارڈ دیا گیا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔