'چوہدری نثار کے پاس بلیک میلنگ کیلئے مخالفین کی فائلز'
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار پر الزام لگایا ہے کہ وہ (کرپٹ) مخالفین کو 'بلیک میل کرنے کے لیے فائلیں اپنے پاس رکھتے ہیں'.
پارٹی رہنماؤں اور قانون سازوں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عمران خان نے اس بات کو دہرایا کہ وزیراعظم نواز شریف نے اپنے اثاثے پوشیدہ رکھے، جو ملکی قونین کے تحت ایک جرم ہے.
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تمام رہنما اپنے سربراہ کی کرپشن کے دفاع میں مصروف ہیں.
حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے بنی گالہ میں عمران خان کی رہائش گاہ کے باہر دھرنے اور لندن میں ان کی سابقہ اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کی رہائش گاہ کے باہر پارٹی کارکنوں کی ریلی کی دھمکی کے جواب میں عمران خان نے سوال کیا کہ اپنے ان احتجاجی مظاہروں کے دوران وہ کیا مطالبہ کریں گے.
مزید پڑھیں:خورشید شاہ کا چوہدری نثار پر 'بے وفا' ہونے کا الزام
ان کا کہنا تھا کہ 'میں رائے ونڈ میں اپنی پارٹی کے دھرنے کے دوران پاناما پیپرز کی شفاف اور غیر جانبدار تحقیقات کا مطالبہ کروں گا'.
عمران خان نے سوال اٹھایا کہ نواز شریف کے بیٹے کس طرح سے ارب پتی بن گئے، جبکہ 1993 میں ان کا کوئی بزنس اور آمدنی نہیں تھی.
کرپشن الزامات کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت شوکت خانم ہسپتال کا مالی ریکارڈ چیک کرنے کے لیے آڈیٹرز بھیج سکتی ہے، میں یہ پیشکش اس لیے کر رہا ہوں کیونکہ میں مجرم نہیں ہوں'.
عمران خان کا کہنا تھا کہ 24 اپریل کو اپنی پارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر تحریک انصاف اسلام آباد میں ایک 'بڑا جلسہ' منعقد کرے گی، جس میں پارٹی کی مستقبل کی حکمت عملی کے حوالے سے اعلان بھی کیا جائے گا.
ان کا کہنا تھا کہ رائے ونڈ احتجاج میں تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے کارکنوں کو شرکت کی دعوت دی جائے گی، جو وزیراعظم کے استعفیٰ کے بغیر ختم نہیں ہوگا.
یہ خبر 14 اپریل 2016 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (2) بند ہیں