کشمیر:انڈین فوج کےہاتھوں 2 کشمیری نوجوان ہلاک
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انڈین فوج کی فائرنگ سے ایک مظاہرے میں شامل دو کشمیری نوجوان ہلاک ہوگئے۔
یہ مظاہرے مقامی افراد کی جانب سے ان الزامات کے بعد کیے جارہے ہیں جن کے مطابق ایک ہندوستانی فوجی نے ہندواڑہ کے علاقے میں ایک نوجوان لڑکی کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس سید جاوید مجتبیٰ گیلانی نے کہا کہ سینکڑوں کی تعداد میں لوگوں نے پتھراؤ کیا اور مظاہرے کے دوران ہندوستان مخالف نعرے اور فوجی کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
نوجوانوں کی ہلاکت کی خبر پھیلتے ہی سیکڑوں کی تعداد میں مزید افراد مظاہرے میں شامل ہوگئے جنھوں نے ہندوستانی فوج کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے بازی کی۔
اس موقع پر مظاہرین نے ہندوستانی فوج کی ایک گاڑی کو بھی نذر آتش کردیا۔
پولیس کے مطابق اہلکاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
پولیس اور ہندوستانی فوج نے معاملے پر انکوائری کے لیے الگ الگ تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دی ہیں تاہم انسانی حقوق کے کارکنان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی ٹیمیں شاذ و نادر ہی ٹھوس نتائج پر پہنچ پاتی ہیں۔
وہ الزام عائد کرتے ہیں کہ ہندوستانی فوج کشمیر میں ریپ اور جنسی چھیڑ چھاڑ کو ایک حربے کے طور پر استعمال کرتی ہے۔
خیال رہے کہ 1989 سےکشمیر میں ہندوستان سے آزادی یا پاکستان سے الحاق کی تحریک چل رہی ہے۔
اس دوران 68 ہزار افراد ہلاک کیے گئے ہیں جن میں زیادہ تر عام شہری تھے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں