• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

متحدہ کے مزید 2 رہنما 'پاک سرزمین پارٹی' میں شامل

شائع April 11, 2016

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے اسٹوڈنٹ ونگ, آل پاکستان مہاجر اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن (اے پی ایم ایس او) کے سابق چیئرمین سید وحید الزماں اور ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا عابدی نے کراچی کے سابق میئر مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔

'پاک سر زمین پارٹی' کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران اے پی ایم ایس او کے لوگوں کو اپنے قافلے میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہا۔

لندن میں موجود ایم کیو ایم کے رہنما ندیم نصرت کے حوالے سے مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے صرف ٹیمیں ہی بنارہے ہیں اور ایک ٹیم سے کام کروانے کے بعد اسے دوسرے ٹیم سے مروادیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: متحدہ کی بلقیس مختار بھی مصطفیٰ کمال کے ساتھ

انھوں نے الزام لگایا کہ اگر ایم کیو ایم کے 20000 کارکن قتل کئے گئے ہیں تو ان میں سے 10000 کارکنوں کو ایم کیو ایم کے قائد کے ساتھ مل کر ندیم نصرت نے مروایا ہے۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا عابدی، اے پی ایم ایس او کے سابق چیئرمین سید وحیدالزاماں مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا عابدی، اے پی ایم ایس او کے سابق چیئرمین سید وحیدالزاماں مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز

مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم کے قائد کو کارکنوں کی جان کی کوئی پرواہ نہیں, ہزاروں کارکن جیلوں میں قید ہیں یا لاپتہ ہیں۔

انھوں نے ایم کیو ایم کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم پہلے دن سے کہہ رہے ہیں کہ جو لوگ سیکڑوں کی تعداد میں جیلوں میں قید ہیں اور ان کو دہشت گرد یا ہندوستانی خفیہ ایجنسی را کا ایجنٹ قرار دیا جارہا ہے وہ گھروں سے ایجنٹ بننے کیلئے نہیں آئے تھے، 'انہیں ایم کیو ایم نے ایسا بنایا تھا'۔

پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ 'ایسے کارکنوں کو اصلاح کا ایک موقع دیا جانا چایئے تاکہ وہ دوبارہ معاشرے کا حصہ بن سکیں اور اپنے پیاروں میں واپس آسکیں'۔

مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ان افراد کو دوبارہ معاشرے میں ضم کرنے کیلئے ذہن سازی کی ضرورت ہے.

یہ بھی پڑھیں: ڈاکٹر صغیر متحدہ چھوڑ کر مصطفیٰ کمال سےجا ملے

حکومت کو مخاطب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ 'آپ کو ہماری بات سنی پڑے گی', الطاف حسین ان نوجوانوں کا خیال نہیں رکھتے 'چاہے یہ مر ہی کیوں نہ جائیں'۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا عابدی نے پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1984 سے 1998 تک لندن سیکریٹریٹ میں کام کرتے رہے ہیں اور اس دوران انھوں نے وہاں جو کچھ دیکھا اس پر خاموش رہے۔

انھوں ںے کہا کہ 'میرے والد 1998 میں انتقال ہوا تب بھی میں ان کے جنازے میں شریک نہیں ہوسکا'۔

محمد رضا ںے کہا کہ 'ہمیں جھانسا دیا گیا تھا کہ ہمارے بنیادی مسائل حل کئے جائیں گے, مگر وقت کے ساتھ وقت ہم سماجی اور معاشرتی معاملات سے بھی دور ہونے لگے'۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ 3 مارچ سے مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی کی کراچی آمد کے بعد کی جانے والی پریس کانفرنسز کو سنتے رہے ہیں۔

ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا عابدی مصطفیٰ کامل اور انیس قائم خانی کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز.
ایم کیو ایم کے سینئر رہنما محمد رضا عابدی مصطفیٰ کامل اور انیس قائم خانی کے ساتھ پریس کانفرنس کررہے ہیں— فوٹو: ڈان نیوز.

ان کا مزید کہنا تھا کہ انھوں ںے اب تک جو بھی کہا ہے وہ سب سچ ہے اور اسی لیے وہ 16 سال بعد کراچی آئے ہیں تاکہ پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت اختیار کرسکیں۔

اے پی ایم ایس او کے سابق چیئرمین سید وحیدالزماں نے مصطفیٰ کمال کی پاک سرزمین پارٹی میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں سخت فیصلہ کرنے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

تاہم اے پی ایم ایس او کے رہنماؤں اور کارکنوں کی مشاورت سے ایک ماہ کے بعد یہ مشکل فیصلہ کرلیا گیا۔

سید وحیدالزماں نے کہا کہ ہم ماضی میں نعرے لگاتے رہے ہیں کہ ہمیں منزل نہیں رہنما چاہیے تاہم اب سے ہم کہیں گئے کہ منزل مل گئی اب ایک مضبوط رہنما چاہیے۔

انھوں نے آب دیدہ ہوکر سوال کیا کہ آج میرے بہت سے ہم جماعت اور دوست ہم میں نہیں؟ کیونکہ وہ بے مقصد مارے گئے۔

مزید پڑھیں: جرائم میں ملوث کارکنوں کو واپسی کا راستہ دینا ہوگا، مصطفیٰ کمال

خیال رہے کہ کراچی کے سابق میئر اور ایم کیو ایم کے سابق رہنما مصطفیٰ کمال نے 3 مارچ کو ایم کیو ایم کے منحرف رہنما انیس قائم خانی کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد پر سنگین نوعیت کے الزامات لگائے تھے۔

اس موقع پر انھوں نے علیحدہ پارٹی بنانے کا اعلان کرتے ہوئے جلد نئی پارٹی کا منشور پیش کرنے اور کراچی سمیت سندھ بھر میں جلسے کرنے کا اعلان بھی کیا تھا۔

بعد ازاں ایم کیو ایم کے مختلف اہم اور سینئر رہنماؤں نے مصطفیٰ کمال کی 'پاک سرزمین پارٹی' میں شمولیت کا اعلان کیا جس کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے مصطفیٰ کمال کو تنقید کا نشانہ بنایا جانے لگا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024