چمن: افغان خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ گرفتار
چمن: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبد اللہ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کرکے افغان انٹیلی جنس کے ایجنٹ کو گرفتار کرلیا۔
فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ترجمان کے مطابق اہلکاروں نے قلعہ عبد اللہ میں چمن کے علاقے بوگرا میں کارروائی کرکے افغان انٹیلی جنس ایجنٹ کو گرفتار کیا۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار ایجنٹ سے دھماکا خیز مواد، بم میں استعمال ہونے والے پرائما کارڈز، ڈیٹونیٹرز، بم اور فیوز بھی برآمد کیے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ افغان ایجنٹ بلوچستان میں تخریب کاری کے لیے اسلحہ و بارودی مواد منتقل کر رہا تھا۔
انٹیلی جنس ایجنسیوں نے گرفتار ایجنٹ سے تفتیش کا آغاز کردیا۔
یہ بھی پڑھیں : بلوچستان سے انڈین نیوی کا حاضر سروس افسر گرفتار
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بلوچستان سے ہی ہندوستانی جاسوس اور نیوی کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو بھی گرفتار کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی اداروں کے مطابق گرفتار افسر کا تعلق ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ سے ہے اور اسے گرفتاری کے بعد تفتیش کے لیے اسلام آباد منتقل کر دیا گیا تھا۔
'را' ایجنٹ کی گرفتاری کے چند روز بعد اس کی ویڈیو بھی سامنے لائی گئی، جس میں اس نے ’را‘ سے تعلق اور ہندوستان نیوی کا حاضر سروس افر ہونے کا اعتراف کیا۔
مزید پڑھیں : جاسوس کی گرفتاری: پاکستان کا ہندوستان سے احتجاج
کلبھوشن یادیو کی ویڈیو وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کی اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران دکھائی گئی۔
ویڈیو میں کلبھوشن یادیو نے اعتراف کیا کہ اسے 2013 میں خفیہ ایجنسی 'را' میں شامل کیا گیا اور وہ اس وقت بھی ہندوستانی نیوی کا حاضر سروس افسر ہے۔
کلبھوشن کے مطابق 2004 اور 2005 میں اس نے کراچی کے کئی دورے کیے جن کا مقصد 'را' کے لیے کچھ بنیادی ٹاسک سرانجام دینا تھا جب کہ 2016 میں وہ ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں گرفتار 'را' ایجنٹ کی ویڈیو جاری
وڈیو میں کلبھوشن نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں داخل ہونے کا مقصد فنڈنگ لینے والے بلوچ علیحدگی پسندوں سےملاقات کرنا تھا۔
کلبھوشن یادیو کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی علیحدگی پسند تنظیموں کی متعدد کارروائیوں کے پیچھے ’را‘ کا ہاتھ ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں