• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاناما لیکس نواز شریف کی سچائی پر مہر، حکومتی ترجمان

شائع April 4, 2016 اپ ڈیٹ April 19, 2017
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید — فوٹو: ڈان نیوز

اسلام آباد: آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لاء فرم کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات اور اس پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین کی تنقید کے جواب میں وفاقی وزیر اطلاعات اور سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ میڈیا ٹرائل عمران خان کی عادت ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز رشید نے، عمران خان کے وزیراعظم نواز شریف پر الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاناما لیکس نےعمران خان کے الزامات مسترد کرکے نواز شریف کی سچائی پر مہر ثبت کردی۔

یہ بھی پڑھیں : پاناما لیکس: ’ٹیکس چوری سےمتعلق باتیں سچ ثابت‘

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس میں نواز شریف کی کسی جائیداد کا ذکر نہیں، نواز شریف کے دونوں بیٹے حسن اور حسین کئی سالوں سے بیرون ملک مقیم ہیں کیونکہ انہیں پاکستان آنے سے روکا گیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک سرمایہ کاری کرنا کوئی غلط بات نہیں، کوئی بھی پاکستانی بیرون ملک سرمایہ کاری کر سکتا ہے جبکہ کوئی بھی غیر ملکی پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے، نواز شریف کے بیٹے قانونی طور پر برطانیہ میں کاروبار کر رہے ہیں اور ٹیکسز ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بے گناہوں پر الزام تراشی کی روایت بہت پرانی ہے، شریف خاندان کے ساتھ ماضی میں کئی بار ناانصافیاں اور زیادتیاں ہوئیں، لیکن ان پر کرپشن کا الزام ان کا بدترین دشمن بھی ثابت نہ کرسکا، بے نظیر بھٹو نے بھی اعتراف کیا تھا کہ نواز شریف نے سرکاری کام میں کوئی گڑ بڑ نہیں کی۔

مزید پڑھیں : شریف خاندان کی آف شور کمپنیوں کا انکشاف

انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی نہیں پوچھا کہ عمران خان کے دونوں بچے کہاں رہتے ہیں اور ان کا خرچہ کون اٹھاتا ہے، عمران خان کا لندن کے اپارٹمنٹ پر بھی سابقہ اہلیہ کے ساتھ تنازع چل رہا ہے، جبکہ آج بھی بنی گالہ کی ٹرانزیکشن کو چیلنج کیا جاسکتا ہے۔

پرویز رشید نے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ خان صاحب، شیشے کے گھر میں بیٹھ کر کسی کو پتھر نہ ماریں، اپنے بارے میں بھی سوچیں کیونکہ اگر ہم کیچڑ اچھالنے پر آئے تو آپ بھی نہیں بچ پائیں گے، لیکن وقت کا تقاضا ہے کہ دہشت گردی ختم اور معیشت کو مستحکم کیا جائے، جبکہ اس کے باوجود اگر عمران خان جانا چاہیں تو شریف خاندان کے خلاف شوق سے کسی بھی بین الاقوامی عدالت جاسکتے ہیں۔

ہمارے خاندان نے کچھ غلط نہیں کیا، حسین نواز

پاناما کی لاء فرم کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات کے بعد برطانیہ میں مقیم وزیر اعظم کے بیٹے حسین نواز نے دستاویزات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خاندان نے کچھ غلط نہیں کیا۔

نجی ٹی وی چینل جیو سے بات کرتے ہوئے حسین نواز نے اپنی بیرون ملک کمپنیوں اور دیگر جائیداد کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپارٹمنٹس اور کمپنیاں ہماری ہی ہیں، بیرون ملک جائیداد رکھنا کوئی غلط بات نہیں ہے اور نہ ہی میں نے کبھی یہ چھپایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک جائیداد رکھنا برطانوی اور دیگر ممالک کے قوانین کے عین مطابق ہے اور بیرون کمپنیوں کے ذریعے غیر ضروری ٹیکسوں سے بچنے کا یہ قانونی راستہ ہے۔

عمران خان کی شریف خاندان پر تنقید اور معاملے کی نیب کی جانب سے تحقیقات کے مطالبے کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہم نیب سمیت کسی بھی عدالتی یا تحقیقاتی ادارے کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہیں۔

رانا ثناء اللہ کا دستاویزات کو اصل ماننے سے انکار

قبل ازیں لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے پاناما لیکس کی دستاویزات کو اصلی ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ دستاویزات سراسر جھوٹ پر مبنی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ ملک کی ترقی نہیں چاہتے اور جعلی دستاویزات ملک کے خلاف سازش ہیں، پہلے بھی بہت سی دستاویزات سامنے آئیں ان کا بھی کچھ نہیں بنا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024