• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ویسٹ انڈیز ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چمپیئن بن گیا

شائع April 3, 2016 اپ ڈیٹ April 4, 2016
بریتھویٹ نے 34 اور مارلن سیموئلز 85 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے—فوٹو: اے پی
بریتھویٹ نے 34 اور مارلن سیموئلز 85 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے—فوٹو: اے پی

کولکتہ: ویسٹ انڈیز ٹیم مارلن سیموئلز کی شاندار بلے بازی اور بریتھویٹ کے آخری اوورز کے لگاتار 4 چھکوں کی مدد سے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دے کر دوسری دفعہ ٹی ٹوئنٹی کی عالمی چمپیئن بن گئی، ویسٹ انڈیز نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی اور انڈر 19 عالمی چمپیئن کی صورت میں تین ٹائٹل حاصل کرنے کا منفرد اعزاز بھی حاصل کرلیا۔

کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

انگلینڈ کی جانب سے جیسن روئے اور ایلکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا جو مایوس کن تھا۔

سیموئیل بدری نے پہلے اوور کی دوسری گیند پر جیسن روئے کی وکٹیں اڑا دیں جس کے بعد جو روٹ بیٹنگ کے لیے آئے اور انھوں نے چوکے کے ساتھ اپنی اننگز کا غاز کیا تاہم دوسرے اوور کی تیسری گیند پر ایلکس ہیلز صرف ایک رن بنا کر آندرے رسل کی وکٹ بنے۔

کپتان آئن مورگن جو روٹ کے ساتھ 15 رنز کا اضافہ کرکے انفرادی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

جوز بٹلر نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں جو روٹ کا بھر پور ساتھ دیا تاہم 12 اوور کی دوسری گیند پر 36 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ان کی اننگز میں 1 چوکا اور 3 چھکے شامل تھے۔

بین اسٹوکس اور روٹ کی رفاقت میں 26 رنز بنے، اس وقت ایسا لگ رہا تھا کہ انگلینڈ ایک بڑا مجموعہ ترتیب دینے میں کامیاب ہوگا لیکن اسٹوکس 13 رنز کی اننگز کھیل کر براوو کا شکار بنے اسی اوور میں نئے آنے والے بلے باز معین علی بھی اسکور کو زحمت دیے بغیر واپس چلے گئے۔

جو روٹ کی وکٹ کارلوس بریتھویٹ نے حاصل کی، وہ 7 چوکوں کی مدد سے 54 رنز کی اچھی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے تو انگلینڈ ساتویں وکٹ سے محروم ہوگیا۔

ڈیوڈ ویلی نے جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی تاہم 21 رنز سے آگے نہیں بڑھ پائے، لیام پلنکٹ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو 4 رنز بنا سکے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 155 رنز بنائے۔

کرس جارڈن 12 اور عادل رشید 4 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے کارلوس بریتھویٹ اور ڈیوون براوو نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں، سیموئیل بدری 2 اور آندرے رسل کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

جو روٹ نے بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی انگلینڈ کو اہم کامیابی دلادی اور دونوں اوپنر جانسن چارلس اور کرس گیل کو پویلین بھیج دیا۔ چارلس صفر اور گیل 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

لینڈل سمنز صفر پر ڈیوڈ ویلی کا شکار بنے۔

ڈوون براوو نے مارلن سیموئلز کے ساتھ 75 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران انگلینڈ کے کیپر جوز بٹلر نے سیموئلز کو ایک موقع بھی فراہم کیا جبکہ وہ وکٹ چھوڑ کر جا چکے تھے لیکن تھرڈ امپائر نے فیصلہ دیا کہ بٹلر کیچ لینے میں ناکام ہوئے ہیں۔

براوو 25 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، ان کے بعد آنے والے آندرے رسل صرف ایک رن بنا سکے جبکہ کپتان ڈیری سیمی بھی زیادہ دیر وکٹ پر ٹھہر نہیں سکے اور 2رنز بنا کر پویلین کی راہ لی۔

مارلن سیموئلز نے مرد بحران کا کردار ادا کیا اور 85 رنز بنائے اور کارلوس بریتھویٹ نے ایک چوکا اور 4 چھکوں کی مدد سے 10 گیندوں پر 34 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔دونوں کے درمیان 54 رنز کی فاتحانہ شراکت قائم ہوئی۔

ویسٹ انڈیز نے آخری اوور میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز بنا کر فائنل جیت لیا۔

انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ ویلی نے 3، جوروٹ نے 2 اور عادل رشید نے ایک وکٹ حاصل کی۔

مارلن سیموئلز کو اچھی کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ہندوستان کے مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔

ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم نے ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے فائنل میں آسٹریلیا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا جبکہ رواں برس کھیلے گئے انڈر 19 ورلڈ کپ کے فائنل میں ہندوستان کو ہرا کر ویسٹ انڈیز کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی چمپیئن بن گئے تھے۔

قبل ازیں ڈیرن سیمی کا کہناتھا کہ دن کے اختتام پر ہم جیت کے ساتھ شائقین کو محظوظ کرنا چاہتے ہیں۔

ویسٹ انڈیز نے فائنل کے لیے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے کہا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے باؤلنگ کرتے کیونکہ پچ پر گھاس موجود ہے۔

ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل تھیں۔

انگلینڈ

آئن مورگن (کپتان)، جیسن روئے، ایلکس ہیلز، جو روٹ، جوز بٹلر، بین اسٹوکس، کرس جارڈن، معین علی، عادل راشد, ڈیوڈ ویلی، لیام پلنکٹ

ویسٹ انڈیز

ڈیرن سیمی (کپتان)، کرس گیل، جانسن چارلس، لنڈل سمنز، مارلن سیموئلز، دنیش رام دین، ڈوون براوو، آندرے رسل، کارلوس بریتھویٹ، سلیمان بین، سیموئیل بدری


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024