’ڈینگی سے پاک پاکستان‘ مہم کے آغاز کا اعلان
کراچی: حکومت سندھ نے پلان انٹرنیشنل اور معروف کمپنی ریکٹ بیکیزئیر کے ساتھ مل کر صوبے بھر میں ’ڈینگی سے پاک پاکستان‘ مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے تاہم اس مہم کو ملک کے دوسرے حصوں تک بھی پھیلایا جائے گا۔
اس مہم کا اعلان کراچی میں ایک پریس بریفنگ کے دوران کیا گیا جس میں اسپیشل سیکریٹری صحت حکومت سندھ ڈاکٹر شیرین ناریجو ،ریکٹ بینکزر کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ، فہد اشرف اور پلان انٹرنیشنل کے نمائندے عاصم سلیم اس مہم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
صوبہ سندھ میں گزشتہ برس 3692 ڈینگی کے کیسز سامنے آئے جبکہ خیبر پختونخواہ اور پنجاب میں اس مرض کے متاثرین کی تعداد بالترتیب 1397 اور 4281 رہی ۔ڈینگی کے کیسز شہروں کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں سے بھی سامنے آئے۔
اس موقع پراسپیشل سیکریٹیری صحت، حکومت سندھ ڈاکٹر شیرین ناریجو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا،" حکومت سندھ پہلے سے ڈینگی کی روک تھام اور کنٹرول پروگرام پر کام کررہی ہے۔ ہم اس سال وقت سے پہلے ہی منصوبہ بندی کرنا چاہتے ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنا یا جائے کہ کے عوام کے پاس ڈینگی جیسی بیماریوں سے محفوظ رہنے کے لئے مناسب وسائل موجود ہوں ۔ "
اس مہم کے بارے میں ریکٹ بینکزرکے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ، فہد اشرف نے بتایا وہ اس مہم کے ذریعے نہ صرف عوام میں ڈینگی کے حوالے سے آگہی پیدا کریں گے بلکہ اس کے ساتھ ساتھ مچھروں سے حفاظت کے لئے سستا حل بھی متعارف کروائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ اس مہم کو ملک بھر میں پھیلائیں اور ڈینگی سے پاک پاکستان کے تصور کو ممکن بنائیں ۔
اس مہم کے تحت پورے پاکستان میں ان ضلعوں اور یونین کاؤنسلوں کو ہدف بنایا جائے گا جن کا ڈینگی سے متاثر ہونے کا زیادہ خطر ہ ہے۔ اس مقصد کے لئے بہت سی جدت کی حامل سر گرمیاں ترتیب دی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ معلومات عوام تک پہنچائی جاسکے۔ معروف گلوکار راحت فتح علی خان کا گایا ہوا ’ ڈینگی سے پاک پاکستان‘ کا ترانہ بھی اس مہم کا حصہ ہے ۔