• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

مصطفیٰ کمال کی جماعت کا نام 'پاک سرزمین پارٹی'

شائع March 23, 2016
مصطفی کمال — فوٹو : بشکریہ فیس بک پیج
مصطفی کمال — فوٹو : بشکریہ فیس بک پیج

کراچی: شہر قائد کے سابق ناظم (میئر) مصطفی کمال نے اپنی جماعت کا نام 'پاک سرزمین پارٹی' رکھتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ اس وطن کی بنیاد رکھنے کا دن تھا اور آج ہی کے دن وہ وطن پرستی کی بنیاد بھی رکھیں گے۔

مصطفی کمال اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جماعت کے پہلے باقاعدہ اجتماع کا انعقاد مقامی ہال میں کیا۔

اس موقع پر مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ لوگ بڑی تعداد میں خود یہاں پہنچے، کسی کو دعوت عام نہیں دی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم کسی کی طاقت یا اختیارات کو چھیننے نہیں آئے'۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس سب کچھ تھا مگر ہم لات مار کر چلے گئے، ہم اقتدار اور مراعات کو جوتے کی نوک پر رکھتے ہیں، جن کے ذریعے خدمت نہ کی جاسکے ان مراعات پر لعنت بھیجتے ہیں، مراعات آنی جانی چیزیں ہیں، عوام کی خدمت کے لیے آئے ہیں۔

مصطفیٰ کمال نے اس دوران شعر بھی پڑھا کہ عشق ٹوٹا تو استخارہ کیا، اور پھرعشق ہی دوبارہ کیا۔

سابق سٹی ناظم کا دعویٰ تھا کہ پاکستان کی وہ حالت ہے کہ اس کو اب فرشتے بھی نہیں چلا سکے، پاکستانی قوم ٹکڑوں میں بٹی ہوئی ہے، لوگوں کے دل جوڑنے آئے ہیں، ہم ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانا نہیں چاہتے۔

نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ مزید صوبے اس وقت تک کارگر نہیں ہو سکتے، جب تک مکمل طور پر با اختیار بلدیاتی نظام نہ ہو، جب بلدیاتی نظام میں با اختیار عوام ہوگی تو مسائل حل ہوں گے، اس کے بعد نئے صوبے بننے چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام کی بلاامتیاز خدمت کی ہے، کراچی کے لوگ ہماری کارکردگی کے گواہ ہیں، شہریوں کی خدمت نہ کرنے دینے پر پارٹی کو چھوڑا، ہماری جدوجہد کا مقصد مراعات حاصل کرنا نہیں ہے۔

مصطفیٰ کمال نے اپنی پارٹی میں شامل ہونے والوں کو ہدایت کی کہ ہمارے کارکنوں کو سب سے پہلے مخالفین کی عزت کرنی ہوگی، کسی پاکستانی سے دشمنی نہیں چاہتے، پاکستانی معاشرے کو مزید تقسیم نہیں ہونے دیں گے۔

"پاک سرزمین پارٹی" کا پہلا جلسہ 24 اپریل کو ہوگا، مصطفیٰ کمال

ایم کیو ایم کے منحرف رہنما مصطفیٰ کمال نے اجتماع کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ان کی جماعت پاک سرزمین پارٹی کا پہلا جلسہ 24 اپریل کو باغ جناح میں ہوگا۔

انھوں نے عوام کو وطن کی بنیاد کے دن کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دعا کریں کہ آنے والی نسلوں کیلئے پر امن پاکستان چھوڑ کر جائیں۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 3 مارچ کو ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے پارٹی سے الگ ہو کر نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا۔

اس پارٹی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد ، رضا ہارون ، افتخار عالم ، وسیم آفتاب اور انیس ایڈوکیٹ شامل ہو چکے ہیں جبکہ ان کی جانب سے مزید افراد کے شامل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

مصطفیٰ کمال کی 'نئی جماعت' کی جانب سے اپریل کے آغاز میں کراچی کے باغ جناح میں جلسے کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024