• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:14am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:41am Sunrise 7:10am

یوم پاکستان پر مسلح افواج کی شاندار پریڈ

شائع March 23, 2016
— فائل فوٹو / اے پی پی
— فائل فوٹو / اے پی پی

اسلام آباد : 23 مارچ کو یوم پاکستان پر روایتی پریڈ کا انعقاد وفاقی دارالحکومت کے پریڈ ایونیو میں کیا گیا جبکہ ملک بھر میں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منایا تقریبات ترتیب دی گئیں کہ انتہا پسند اور دہشت گرد قوتوں کوشکست دے کر ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے پوری لگن سے کام کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 75 سال قبل 1940ء کو اس دن لاہور کے منٹوپارک میں مسلم لیگ کے اجتماع میں تاریخی قرارداد پاکستان کی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کیلئے ایک الگ وطن کے قیام کی راہ ہموار ہوئی۔

23 مارچ کے دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے اور تمام سرکاری اورنجی عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا گیا ہے، فجر کی نماز کے بعد ملک کی ترقی، یکجہتی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

اسلام آباد میں یوم پاکستان کی پروقار تقریب

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

یوم پاکستان کے موقع پر اسلام آباد کے علاقے شکر پڑیاں کے نیو پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا۔

تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف، تینوں مسلح افواج کے سربراہان، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف سمیت دیگر وفاقی وزرا، غیر ملکی سفارت کار اور اعلیٰ عسکری و سول حکام نے شرکت کی۔

ڈان نیوز کے مطابق اس موقع پر شہر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ حفاظتی قدم کے طور پر شہر میں موبائل فون سروس دوپہر تین بجے تک بند رہے گی۔

ممنون حسین کی صدارتی بَگھی پر آمد

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ممنون حسین صدارتی بَگھی پر پریڈ گراؤنڈ پہنچے، جہاں وزیر اعظم اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے ان کا استقبال کیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانے سے کیا گیا جس کے بعد صدر ممنون حسین نے جیپ میں سوار ہوکر مسلح افواج کے دستوں کا معائنہ کیا۔

صدر کا تقریب سے خطاب

صدر مملکت ممنون حسین نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں اور 23 مارچ ہماری نظریاتی پہچان کا دن ہے۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

انہوں نے کہا کہ دشمن کا خیال تھا پاکستان زیادہ دیر تک قائم نہیں رہ سکتا لیکن آج پاکستانی قوم کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مسلمہ ایٹمی طاقت اور روایتی اسلحے سے لیس ملک ہے، لیکن ہم کبھی ہتھیاروں کی دوڑمیں شریک ہوئے ہیں نہ ہوں گے۔

ممنون حسین نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں آپریشن ’ضرب عضب‘ آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے جو آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہے گا، جبکہ ہماری منزل پورے پاکستان سے بدامنی کا خاتمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی شکل میں نئے دشمن کا سامنا ہے، وطن عزیز کو کئی بار دشمن کی جارحیت کا سامنا کرنا پڑا جسے ہمیشہ داندان شکن جواب دیا گیا، آج بھی مادر وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اور اس سلسلے میں مسلح افواج کی تمام ضروریات پوری کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج یوم پاکستان کے موقع پر ہمیں ملک کے قیام کے مقاصد کا جائزہ لینا ہوگا، ملک میں مسائل کی بڑی وجہ میرٹ کی پامالی اور قانون پر عمل نہ ہونا ہے، تاہم حکومت مسائل کا ادراک رکھتی ہے اور اس کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے، جبکہ ملک سے جہالت کے خاتمے اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں۔

صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں قیام پاکستان کے حقیقی مقاصد حاصل کرنا ہوں گے کیونکہ پاکستان کو اسلامی اور فلاحی ریاست بنانے کا یہی طریقہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں اور اس مقصد کے لیے ہم نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، امن کے لیے پاکستان کی خدمات کا دنیا اعتراف کرتی ہے، پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ بھی دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے لیکن ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے اور پاکستان کی طرف اٹھنے والی کوئی میلی آنکھ سلامت نہیں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتے ہیں جبکہ پاکستان کشمیری بھائیوں کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

پاک فضائیہ کے سربراہ کی فلائی پاسٹ کی قیادت

— فوٹو: ٖڈان نیوز
— فوٹو: ٖڈان نیوز

پاک فضائیہ کے طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، جس کی قیادت پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کی۔

فلائی پاسٹ میں ایف 16، جے ایف 17 اور میراج طیاروں نے شرکت کی۔

— فوٹو: ٖڈان نیوز
— فوٹو: ٖڈان نیوز

مسلح افواج کے دستوں کا مارچ پاسٹ

مسلح افواج کے مختلف دستوں نے سلامی کے چبوترے کے سامنے پریڈ کی۔

پاکستان آرمی، فضائیہ، بحریہ، فرنٹیئر کورپس، رینجرز، پولیس، بوائز اسکاؤٹس اور گرلز گائیڈ کے دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ کیا اور مہمانِ خصوصی کو سلامی پیش کی۔

— فوٹو: ٖڈان نیوز
— فوٹو: ٖڈان نیوز

پریڈ میں الخالد ٹینک، الضرار ٹینک اور میزائل دستوں نے بھی مہمان خصوصی کو سلامی پیش کی۔

مہمانوں کے چبوترے کے سامنے سے گزرتے ہوئے ٹینکوں کی توپوں کا رخ زمین کی جانب کر دیا گیا تھا۔

شاندار فلائی پاسٹ

مسلح افواج کی پروقار تقریب میں پاکستان آرمی اور فضائیہ کے ایوی ایشن وِنگ کے ہیلی کاپٹروں اور جنگی جہازوں نے شاندار فلائی پاسٹ کا بھی مظاہرہ کیا۔

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

آرمی ایوی ایشن وِنگ کی جانب سے چینی ساختہ زیڈ ۔ 10، ایچ ایچ ۔ 1 کوبرا، پوما اور ایم آئی ۔ 17 ہیلی کاپٹرز نے فلائی پاسٹ میں حصہ لیا۔

پاک فضائیہ کے شیردل فارمیشن، ایف سولہ اور جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے بھی فضا میں شاندار کرتب کا مظاہرہ کرکے شرکا کا لہو گرما دیا۔

پیرا ٹروپنگ کا مظاہرہ

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

پریڈ کے دوران مسلح افواج کے پیرا شوٹرز اور اسکائی ڈائیورز نے قومی پرچم تھامے 10 ہزار فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگائی اور اپنی مہارت کا شاندار مظاہرہ کیا۔

بچوں کی پرفارمنس

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

یوم پاکستان پریڈ کے موقع پر بچوں نے بھی ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے حاضرین کی بھرپور داد وصول کی۔

سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان کے ثقافتی ملبوسات پہنے اور پاکستانی پرچم تھامے بچے پھولوں کے درمیان سے گزرتے ہوئے میدان میں داخل ہوئے تو سب کے چہرے کھل اُٹھے۔

گورنر سندھ، وزیر اعلیٰ کی مزار قائد پر حاضری

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

یوم پاکستان پر مسلح افواج کے دستوں نے قائد اعظم محمد علی جناحؒ کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا، پاک بحریہ کے دستے مزار قائد پہنچے اور بابائے قوم کی قبر پر حاضری دی۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان اور وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ بھی سندھ کابینہ کے ارکان کے ہمراہ مزار قائد پر حاضر ہوئے اور اُن کی قبر پر پھول چڑھائے۔

مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

— فوٹو: ڈان نیوز
— فوٹو: ڈان نیوز

قبل ازیں یوم پاکستان کے حوالے سے مزار اقبالؒ پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں پاک فضائیہ کے چاک و چوبند دستے نے رینجرز کی جگہ گارڈز کے فرائض سنبھالے۔

اس موقع پر مہمان خصوصی بیس کمانڈر لاہور ایئر کموڈور سلمان محبوب نے مزار اقبالؒ پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

آج تیسرے پہر ایوان صدر میں تقسیم اعزازت کی تقریب ہوگی جس میں صدر ممنون حسین مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو ایوارڈ اور تمغات سے نوازیں گے۔

یوم پاکستان کے موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے ہال میں پہلی بار ایک محفل موسیقی کا اہتمام کیاگیا ہے۔ اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کے زیراہتمام اس محفل موسیقی میں استاد راحت فتح علی خان اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔

صوفی نائٹ امن کی موسیقی کے نام سے منعقد ہونے والی محفل موسیقی کا مقصد عالمی سطح پر امن اورہم آہنگی کا پیغام عام کرنا ہے۔ مختلف سیاسی ، سماجی ، مذہبی ، ثقافتی اور تعلیمی تنظیموں نے تحریک پاکستان اور بانی پاکستان کی زندگی کے مختلف پہلوئوں کواجاگر کرنے کیلئے تقریبات کا اہتمام کیا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024