امیتابھ پر بھی قومی ترانہ غلط پڑھنے کا الزام
نئی دہلی: کولکتہ میں پاکستان اور ہندوستان کے میچ سے قبل مبینہ طور پر ہندوستانی قومی ترانہ غلط پڑھنے پر بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواستیں جمع کروائی گئیں ہیں۔
انڈین میڈیا کے مطابق امیتابھ کے خلاف پہلی درخواست نئی دہلی کے اشوک نگر پولیس اسٹیشن میں جمع کروائی گئی، درخواست گزار کا کہنا ہے کہ انھوں نے قومی ترانہ پڑھنے میں غلطی کی ہے۔
جوہو پولیس اسٹیشن میں جمع کروائی گئی دوسری درخواست میں بگ بی پر الزام لگایا گیا کہ انھوں نے کبڈی لیگ میں بھی قومی ترانہ پڑھنے میں غلطی کی تھی۔
مزید پڑھیں: شفقت امانت علی کی قومی ترانہ 'پڑھنے میں غلطی'
درخواست میں امیتابھ بچن پر قومی ترانہ پڑھنے میں "غلط الفاظ۔" استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ اسے اصل دورانیے سے 30 سیکنڈ پہلے ختم کرنے کا ابھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ درخواست گزار کے مطابق امیتابھ نے قومی ترانہ ایک منٹ 22 سیکنڈ میں پڑھا جبکہ اس کا اصل دورانیہ 52 سیکنڈ ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ہندوستانی میڈیا میں یہ رپورٹس آرہی تھیں کہ بولی وڈ کے لیجنڈری اداکار نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور ہندوستان کے میچ میں شمولیت کیلئے 4 کروڑ روپے لیے تاہم بعد ازاں بنگال کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے یہ واضح کیا کہ امیتابھ نے مذکورہ پروگرام میں شرکت کیلئے ایک روپیہ بھی نہیں لیا۔
گنگولی کا مزید کہنا تھا کہ انھوں نے اپنے سفر اور کوکلتہ میں قیام کیلئے 30 لاکھ روپے بھی خود سے ادا کیے۔
یاد رہے کہ پاکستان کے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے قومی ترانہ پڑھنے میں غلطی کی تھی جس پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔ شفقت نے گزشتہ روز اس غلطی پر معافی مانگی تھی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں