• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:54am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:20am Sunrise 6:47am

عشرت العباد ساتھ ہوتے تو آگے، پیچھے نہ ہوتے: قائم خانی

شائع March 18, 2016
انیس قائم خانی—۔فائل فوٹو/ رائٹرز
انیس قائم خانی—۔فائل فوٹو/ رائٹرز

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) چھوڑ کر سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی پارٹی میں شامل ہونے والے انیس قائم خانی کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی کا مقصد اردو اور سندھی بولنے والوں کے درمیان اختلافات کو ختم کرنا ہے۔

رضا ہارون کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ہماری ' نئی پارٹی' صرف اردو بولنے والوں کے لیے نہیں بنائی گئی۔

سندھیوں کو ان کی مادری زبان میں مخاطب کرتے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا، 'یہ صرف ہماری پارٹی نہیں ہے، یہ آپ کی بھی پارٹی ہے، آئیں مل کر اردو اسپیکنگ اور سندھی بولنے والوں کے درمیان نفرت کے خاتمے کے لیے کام کریں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی صرف کراچی تک محدود نہیں ہوگی بلکہ ہم خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت پورے ملک جائیں گے۔

انیس قائم خانی نے بتایا کہ ہم نے حیدرآباد میں اپنی پارٹی کے لیے دفتر لے لیا ہے اور اگلے ہفتے اس کا افتتاح کرنے وہاں جائیں گے۔

گذشتہ روز گورنر سندھ عشرت العباد کی جانب سے دیئے گئے اس بیان پر کہ، 'اگر میں مصطفیٰ کمال کے ساتھ ہوتا تو میں پارٹی کے پیچھے نہیں آگے ہوتا اور وہ میرے پیچھے ہوتے' کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے سابق کارکن عشرت العباد کے لیے بہت عزت و احترام رکھتے ہیں اور اگر وہ ہمارے ساتھ ہوتے تو نہ وہ آگے ہوتے، نہ پیچھے ہوتے بلکہ ہمارے درمیان ہوتے'۔

ساتھ ہی انیس قائم خانی کا کہنا تھا کہ 'جب بھی کبھی وہ (گورنر سندھ عشرت العباد) آئیں گے تو ہمارے درمیان ہوں گے'.

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ہر پریس کانفرنس میں وکٹ نہیں گرائیں گے، بلکہ عوامی مسائل پر بھی بات کریں گے، ساتھ ہی ان کا کہنا ہے کہ پارٹی کے نام کا باقاعدہ اعلان 23 مارچ کو کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ رواں ماہ 3 مارچ کو ایم کیو ایم کے سابق سینیٹر اور سابق سٹی ناظم کراچی مصطفیٰ کمال اور انیس قائم خانی نے پارٹی سے الگ ہو کر نئی جماعت بنانے کا اعلان کیا تھا، اس پارٹی میں متحدہ قومی موومنٹ کے رکن سندھ اسمبلی ڈاکٹر صغیر احمد، رضا ہارون، افتخار عالم اور وسیم آفتاب شامل ہو چکے ہیں جبکہ ان کی جانب سے مزید افراد کے شامل ہونے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے.

مصطفیٰ کمال کی کراچی آمد پر پریس کانفرنس : 'ہم محب وطن لوگ تھے، 'را' کے ایجنٹ ہوگئے'

مصطفیٰ کمال کی 'نئی جماعت' کی جانب سے اپریل کے آغاز میں کراچی کے باغ جناح میں جلسے کا بھی اعلان کیا جاچکا ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024