• KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am
  • KHI: Fajr 5:37am Sunrise 6:58am
  • LHR: Fajr 5:16am Sunrise 6:42am
  • ISB: Fajr 5:24am Sunrise 6:52am

پی ایچ ایف اپنی ہاکی لیگ شروع کرے گی، شہباز

شائع March 18, 2016
شہباز احمد سینئر۔ — فائل فوٹو
شہباز احمد سینئر۔ — فائل فوٹو

لاہور: پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری شہباز احمد سینئر نے کہا ہے کہ مقامی کھلاڑیوں کو مسابقتی ہاکی کھلانے اور اچھی آمدنی کیلئے فیڈریشن رواں سال اپنی لیگ شروع کرنے جا رہی ہے۔

پی ایچ ایف سیکریٹری نے جمعرات کو یہاں ایک ہوٹل میں منعقدہ تقریب میں کہا ’ہم اُن مقامی کھلاڑیوں کی مالی اور تکنیکی حوالے سے مدد کرنا چاہتےہیں جو اپنے ملک کے بجائے مختلف ملکوں کی لیگز کھیلنے پر مجبور ہیں‘۔

تقریب میں پی ایچ ایف ڈائریکٹر جنرل بریگیڈئیر (ر) مسرت اللہ خان، سابق اولمپیئنز، سینئر اور جونیئر ٹیموں کے کوچ اور قومی سلیکشن کمیٹی کے ارکان بھی موجود تھے۔

شہباز نے بتایا کہ فیڈریشن جلد ہی لیگ کیلئے کام شروع کر دے گی۔’ہاکی کی ٹھوس بنیادوں پر بحالی کیلئے ناصرف حکومتی بلکہ نجی سیکٹر کی بھی سرپرستی چاہیے‘۔

انہوں نے حکومت اور نجی شعبے پر زور دیا کہ وہ ہاکی کے فروغ کیلئے آگے بڑھتے ہوئے مالی مدد کریں۔

شہباز کے مطابق، فیڈریشن نے ٹیم کی تعمیر نو کی خاطرایف آئی ایچ کی جانب سے چیمپئنز ٹرافی میں وائلڈ کارڈ انٹری کی پیشکش مسترد کی ۔

’ٹرافی میں شرکت کیلئے بھاری فنڈز کی ضرورت تھی، لہذا یہ طے پایا کہ ایک ایسے ٹورنامنٹ میں ،جہاں خاطر خواہ نتائج متوقع نہ ہوں، شرکت کرنے سے زیادہ بہتر ہے کہ اس پیسے سے جونیئر کھلاڑیوں کو گروم کیا جائے گا‘۔

انہوں نے بتایا کہ اسپانسر ز سے ملنے والا پیسہ شفاف طریقے سے کھیل کی ترقی پر خرچ کیا جائے گا۔

تقریب سے خطاب میں پی ایچ ایف ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ فیڈریشن جلد ہی ملک میں ہاکی کی بہتری کیلئے ’ویژن 2020 ڈیولپمنٹ پلان‘ متعارف کرائے گی۔

’ہم ہاکی کی تیز رفتار ترقی کیلئے دستیاب وسائل استعمال کریں گے اوریہ اسی وقت ممکن ہے جب جونیئر کھلاڑیوں کی نشونما پر خصوصی توجہ دی جائے‘۔

یہ خبر 18 مارچ، 2016 کے ڈان اخبار سے لی گئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 27 نومبر 2024
کارٹون : 26 نومبر 2024