• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

آفریدی کے بیان میں کوئی متنازع بات نہیں:وقار

شائع March 15, 2016
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پریکٹس سیشن کے دوران وقاریونس  مصروف ہیں—فوٹو: اے ایف پی
ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پریکٹس سیشن کے دوران وقاریونس مصروف ہیں—فوٹو: اے ایف پی

کولکتہ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ وقاریونس نے ٹی ٹوئنٹی کپتان شاہد آفریدی کے ہندوستان کے حوالے سے دیے گئے بیان کو غیر متنازع قرار دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے پر زور دیا ہے۔

کولکتہ میں پریس کانفرنس کے دوران وقاریونس کا کہنا تھا کہ 'گزشتہ روز ایک تنازعہ کھڑاہوا تھا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ یہ بلا جواز ایک تنازعہ تھا میں اس میں کوئی برائی نکال نہیں پایا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ اس کو جانے دیں، ہم کرکٹ کھیلنے آئے ہیں اور ہمیں اس پرتوجہ دینی چاہیے'۔

شاہد آفریدی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لیے ہندوستان پہنچنے کے بعد اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ 'ہمیں یہاں پاکستان سےزیادہ عزت ملی ہے، میں کسی اور ملک میں کھیل کر اتنا لطف اندوز نہیں ہوتا جتنا ہندوستان میں کھیل کر ہوتا ہوں'۔

آفریدی کے بیان کو پاکستان میں مختلف حلقوں خصوصاً سابق کھلاڑیوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنا یا تھا۔

سابق پاکستانی کپتان جاوید میانداد نے ایک ٹی وی پروگرام میں ٹی ٹوئنٹی کپتان کے بیان کو شرم ناک قرار دیا تھا۔

شاہدآفریدی نے منگل کو پریکٹس میں بھی حصہ نہیں لیا جس پر وقاریونس کا کہنا تھا کہ موسمی تبدیلی کے باعث ان کی طبیعت ٹھیک نہیں ہے۔

وقاریونس کا کہنا تھا کہ 'وہ ٹھیک نہیں تھے اور یہ بہتر تھا کہ ان کو ہوٹل میں ہی آرام دیا جائے بجائے اس کے کہ گرمی میں پریکٹس کے لیے باہر نکل آتے'۔

تاہم آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے پہلے میچ کے لیے فٹ قرار دیا گیا ہے تاہم فاسٹ باؤلر محمد سمیع کو پاؤں کی انجری سےنجات پانے میں ناکامی پر ٹیم سے باہر کیا گیا ہے۔

پاکستان کے جیت کے امکانات

وقاریونس کا کہنا تھا کہ وہ ٹی ٹوئنٹی میں کسی کو 'فیورٹ' قرار دینے پر یقین نہیں رکھتے۔

انھوں نے کہا کہ' اگر آپ مڑ کر دیکھیں تو کسی چمپیئن کو فیورٹ قرار نہیں دیا گیا، ہندوستان، ہم یا سری لنکا لیکن وہ جیتے تھے'۔

قومی کوچ کی کتاب میں راستہ سب کے لیے کھلا ہے جہاں پر سب جیت کے لیے برابر موقع رکھتے ہیں۔

بنگلہ دیش کےخلاف میچ کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال پر کہنا تھا کہ'وہ واقعی اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں، ایک اچھی ٹیم ہے اور ہمیں ان کا احترام ہے لیکن یہ بڑا اسٹیج ہم مطمئن ہیں کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں گے'۔

بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں پاکستان ٹیم کو ایشیا کپ میں شکست دے کرٹورنامنٹ سے باہر کردیا تھا، تاہم قومی ٹیم نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات اور سری لنکا کو شکست دی تھی جبکہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے وارم اپ میچ میں بھی سری لنکا سے کامیابی حاصل کی تھی۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ'اگر آپ اچھا کھیل رہے ہوں تو کنڈیشن سے کوئی فرق نہیں پڑتا'۔

وقاریونس کا شاہد آفریدی کی ناقص فارم پر کہنا تھا کہ 'وہ اپنی جارحانہ بیٹنگ سے صرف ایک میچ دور ہیں'۔

پاکستان ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں اپنا پہلا میچ 16 مارچ کو بنگلہ دیش کے خلاف کولکتہ میں کھیلے گا اسی مقام پر 19 مارچ کو ہندوستان کے خلاف مدمقابل ہوگا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024