ہولی، دیوالی اور ایسٹر پر عام تعطیل کی قرارداد منظور
اسلام آباد: قومی اسمبلی نے ہولی، دیوالی اور ایسٹر پر اقلیتوں کیلئے عام تعطیل کی قرارداد منظور کرلی ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق منگل کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اقلیتی رکن رمیش کمار کی جانب سے ہولی، دیوالی اور ایسٹر پر اقلیتوں کیلئے عام تعطیل اور رمضان المبارک میں عمرہ پالیسی دینے اور نجی آپریٹرز کی جانب سے استحصال کی روک تھام کے لئے اقدامات کرنے کی قراردادیں منظور کرلیں۔
ایوان نے پاک افغان سرحد پر سیکورٹی کو مضبوط بنانے کے لئے موثر اقدامات کرنے سے متعلق قرارداد بھی منظور کی۔
مردم شماری کے فارم میں معذور افراد کا خانہ شامل نہ ہونے سے متعلق توجہ دلاو نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری خزانہ رانا افضال نے بتایا کہ مردم شماری کیلئے دو فارمز ہوں گے، گلابی رنگ کے فارم میں معذور افراد کا خانہ شامل ہے۔
رانا افضال احمد نے بتایا کہ مردم شماری کیلئے دو لاکھ 44 ہزار فوجی اہلکاروں کی ضرورت ہے اور فوج دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مصروف ہے، فی الحال اتنی بڑی تعداد میں اہلکاروں کی تعیناتی کیلئے فوج دستیاب نہیں ہے۔
اس پر کشور زہرہ نے کہا کہ فوج اگر 20 سال مصروف رہے گی تو کیا مردم شماری نہیں ہوگی۔
ایوان نے آئین میں ترمیم کا بل، نومولود بچوں کے اغوا کاروں کو سخت سزا دینے کا بل، انسانی اعضاء کی معذوری میں ملوث عناصر کو سخت سزائیں دینے کا بل اور اسمبلیوں میں اقلیتوں کی نشستوں میں اضافے سے متعلق آئینی ترمیم کے بل متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیے۔
حکومت کی جانب سے مخالفت پر ملک بھر میں یکساں نصاب تعلیم کیلئے قومی نصاب کونسل کی تشکیل کا بل ایوان نے مسترد کیا۔
قبل ازیں فنڈز نہ ملنے پر اپوزیشن کی خواتین ارکان نے قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کیا۔
عائشہ سعید کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی یقین دہانی کے باوجود ابھی تک فنڈز کے سلسلے میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
بعد ازاں قومی اسمبلی کا اجلاس بدھ صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔