• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

چارسدہ: ایڈیشنل کمشنر کی گاڑی پر پولیس کی فائرنگ

شائع March 11, 2016
دولت خان کی گاڑی کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا — فوٹو/اے ایف پی
دولت خان کی گاڑی کو چیک پوسٹ پر رکنے کا اشارہ کیا گیا تھا — فوٹو/اے ایف پی

بنوں: صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع چارسدہ میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر نہ رکنے پر پولیس نے بنوں کے ایڈیشنل کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

ذرائع کے مطابق پولیس کی فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایڈیشنل کمشنر سمیت ڈرائیور اور گن مین زخمی ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق چارسدہ کے تھانہ خان مئی کی حدود میں بنوں کے ایڈیشنل کشمنر دولت خان ہفتہ وار تعطیل پر آبائی علاقے درگئی جا رہے تھے کہ پولیس نے انھیں ناکے پر رکنے کا اشارہ کیا۔

ڈرائیور نے گاڑی روکنے کے بجائے اس کی رفتار بڑھا دی جس پر پولیس نے گاڑی کا تعاقب کیا، جب ڈرائیور نے راستہ تبدیل کیا تو پولیس نے پہلے ہوائی فائرنگ کی اور بعد ازاں گاڑی کے ٹائر کو نشانہ بنایا۔

پولیس کی فائرنگ سے گاڑی کا ٹائر پھٹ گیا اور وہ الٹ گئی، جس کے بعد شناخت ہو سکی کہ در حقیقت گاڑی میں ایڈیشنل کمشنر بنوں سوار تھے، تاہم گاڑی نہ روکنے کی وجوہات سامنے نہ آ سکیں۔

گاڑی الٹنے سے ایڈیشنل کمشنر بنوں دولت خان سمیت ڈرائیور اور گن مین زخمی ہوئے۔

ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی) رضا محمد خان نے تینوں زخمیوں کو مقامی ہسپتال منتقل کیا، زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئی تھیں، جنھیں ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کر دیا گیا جس ے بعد وہ دوبارہ درگئی روانہ ہو گئے، تاہم واقعہ کا کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق افغانستان سے خیبر ایجنسی اور بنوں کے راستے نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کی اسمگلنگ روکنے کے لیے پولیس اور دیگر اداروں کی جانب سے سیکیورٹی سخت کی گئی ہے، کیونکہ یہ گاڑیاں ایک طرف تو ٹیکس ادائیگی کے بغیر استعمال کی جاتی ہیں جبکہ اس سے دہشت گردی کے خطرات بھی برقرار رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ چارسدہ کو رواں برس دہشت گردی کے متعدد واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔

4 روز قبل چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے سیشن کورٹ میں خودکش حملے میں دو پولیس اہلکاروں اور خاتون سمیت 17 افراد ہلاک اور خواتین و بچوں سمیت 30 زخمی ہوگئے۔

جنوری میں چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا، اس حملے میں 21 افراد ہلاک ہوئے جبکہ پولیس نے آپریشن میں 4 حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا تھا، بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے حملے کے تمام سہولت کاروں کو بھی گرفتار کر لیا تھا۔


کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024