امریکا: فائرنگ سے 4 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک
نیو یارک: امریکا کی ریاست پنسلوانیا میں فائرنگ کے واقعے میں 4 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک ہو گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنسلوانیا کے شہر پٹس برگ میں رہائشی علاقے میں جاری ایک پارٹی کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
حکام کے مطابق 2 افراد نے فائرنگ کرکے لوگوں کا نشانہ بنایا اور پھر پیدل ہی اس مقام سے فرار ہو گئے جن کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
علاقے کے رہائشی افراد کا کہنا تھا کہ انہوں نے کم از کم 30 سے 40 فائر ہونے کی آواز سنی۔
مقامی میڈیا کے مطابق فائرنگ سے دیگر 3 افراد زخمی بھی ہوئے جنھیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
پٹس برگ کی جس کاؤنٹی ویکنزبرگ میں فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے ، اس کاؤنٹی کی آبادی 16ہزار ہے جبکہ یہاں کم آمدنی یا متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ رہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسکول جانے کو کیوں کہا، امریکی نوجوان کی اہل خانہ پر فائرنگ
واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے کے دوران امریکا کی مختلف ریاستوں میں فائرنگ کے واقعات تواتر سے پیش آرہے ہیں جن میں کئی افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔
دو ہفتے قبل امریکی ریاست کنساس کی ایک فیکٹری میں مسلح شخص کی فائرنگ سے 4 افراد ہلاک اور 30 زخمی ہوگئے تھے، اس سے پہلے ریاست کولوراڈو کے فیملی پلاننگ سینٹر (پلینڈ پیرنٹ ہڈ کلینک) میں مسلح حملہ آور کی فائرنگ سے 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہوئے۔
فائرنگ کے کئی واقعات تعلیمی اداروں میں بھی پیش آئے جس کے باعث طلبہ اور والدین میں خوف پایا جاتا ہے۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں