اسلام آباد میں فوج کی تعیناتی میں 90 روز کی توسیع
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاک فوج کے قیام میں ایک بار پھر 90 دن کی توسیع کردی گئی۔
چیف کمشنر ذوالفقار حیدر کی جانب سے فوج کے قیام میں توسیع کے لیے ارسال کردہ سمری پر وزارت داخلہ نے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے۔
آئین کے آرٹیکل 245 اور انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت اسلام آباد میں پاک فوج کے اختیارات میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ پاک فوج کے 350 جوانوں کے اسلام آباد میں موجودگی کی مدت 8 مارچ کو ختم ہوگئی تھی۔
اس سے قبل اسلام آباد میں رینجرز اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے قیام میں بھی توسیع ہوچکی ہے، پنجاب رینجرز اور گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے قیام کی مدت فروری میں ختم ہوگئی تھی۔
گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے اسلام آباد میں پچاس اور رینجرز کے پندرہ سو اہلکار تعینات ہیں۔
یاد رہے کہ جون 2014 میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ’ضرب عضب‘ کے آغاز کے بعد وفاقی حکومت نے اسلام آباد کی سیکیورٹی کے لیے فوجی دستے تعینات کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔