مصطفیٰ کمال کےدعووں پرجوڈیشل کمیشن کامطالبہ
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق سینیٹر اور سابق ناظم کراچی مصطفیٰ کمال کی جانب سے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' سے تعلقات کے حوالے سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا.
پارٹی ترجمان نعیم الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے سابق وزیر داخلہ اور موجودہ سینیٹر اور ایم کیو ایم قائد پر لگانے جانے والے الزامات انتہائی سنگین تھے اور انھیں نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، یہی وجہ ہے کہ ان کی اعلیٰ سطح پر تحقیقات کرائی جانی چاہیئیں.
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ 'ایم کیو ایم کے اپنے ہی بندے کے ان دعووں کو کس طرح مسترد کیا جاسکتا ہے'.
مزید پڑھیں:'ہم محب وطن لوگ تھے، 'را' کے ایجنٹ ہوگئے'
یاد رہے کہ رواں ہفتے جمعرات کو مصطفیٰ کمال نے ایم کیو ایم کے سابق ڈپٹی کنونیئر انیس قائم خانی کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس کے دوران چونکا دینے والے انکشاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پارٹی قیادت کے 'را' سے تعلقات کے گواہ ہیں اور اس بات کے بھی کہ رحمان ملک بحیثیت وزیر داخلہ اس سب سے آگاہ تھے.
نعیم الحق کا کہنا تھا کہ، 'ہم 3 دہائیوں سے ایم کیو ایم قیادت کے خلاف اسی طرح کے الزامات سنتے آئے ہیں، اب وقت ہے کہ اصل حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں'.
تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات نے اس بات پر زور دیا کہ مصطفیٰ کمال کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے اور اس تنازع کے اختتام کے لیے جوڈیشل کمیشن ہی بہترین آپشن ہے.
یہ خبر 05 مارچ 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی.
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔