آرمی چیف کی افغان صدر،امریکی فوجی قیادت سے ملاقات
راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے تاجکستان سے واپسی پر افغانستان میں امریکی فوج کی کمانڈ کی تبدیلی کی تقریب میں شرکت کی۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) لیفٹیننٹ جنرل عاصم باجوہ کے مطابق کابل میں مختصر قیام کے دوران آرمی چیف نے افغان اعلیٰ حکام سے ملاقات کی۔
افغان صدر اشرف غنی، امریکا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈینفورڈ، امریکا کی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر جنرل آسٹن اور افغانستان میں امریکی مشن کے کمانڈر نکلسن سے ملاقات میں جنرل راحیل شریف نے علاقائی سیکیورٹی اور سرحدوں کے انتظام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔
ملاقات میں سرحد پر دہشت گردوں کی نقل وحرکت کے علاوہ پاک فوج کی شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں جاری کارروائیوں کو بھی زیر بحث لایا گیا۔
آئی ایس پی آر ترجمان کے مطابق آرمی چیف نے افغان قیادت کو پاکستان کی بھر پور حمایت کا یقین دلایا جبکہ افغان قیادت نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں پر پاکستان کے کردار کی تعریف کی اور علاقائی امن میں پاک فوج کے کردار کو سراہا۔
واضح رہے کہ جنرل راحیل شریف تاجکستان کے ایک روزہ دورے سے واپس آتے ہوئے افغانستان گئے۔
دورہ تاجکستان کے دوران انھوں نے امام علی رحمٰن سے ملاقات میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے ساتھ ساتھ افغان امن عمل کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
تبصرے (1) بند ہیں