• KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm
  • KHI: Zuhr 12:20pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:51am Asr 3:22pm
  • ISB: Zuhr 11:56am Asr 3:22pm

سلمان، آصف کو دوسرا موقع ملنا چاہیے: انضمام

شائع March 1, 2016
انضمام افغانستان ٹیم کی کوچنگ کے سلسلے میں ہندوستان کے شہر نئی دہلی میں موجود ہیں—فوٹو: اے ایف پی
انضمام افغانستان ٹیم کی کوچنگ کے سلسلے میں ہندوستان کے شہر نئی دہلی میں موجود ہیں—فوٹو: اے ایف پی

نئی دہلی: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان انضمام الحق کا اسپاٹ فکسنگ میں سزا یافتہ کھلاڑیوں سلمان بٹ اور محمد آصف کی قومی ٹیم میں واپسی کی حمایت کرتے ہوئے کہنا ہے کہ دونوں کو سزا مکمل کرنے کے بعد دوسرا موقع دیا جانا چاہیے۔

سلمان بٹ اور محمد آصف کو اس وقت کے ساتھی کھلاڑی محمد عامر کے ساتھ 2010 میں انگلینڈ کے خلاف لارڈ ٹیسٹ میں اسپاٹ فکسنگ میں ملوث ہونے پر برطانیہ میں جیل کی سزا ہوئی تھی۔

تاہم محمد عامر سزا پوری کرنے کے بعد شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے قومی ٹیم میں واپس آچکے ہیں جب کہ آصف اور سلمان بٹ بدستور باہر ہیں اور انھیں رواں ماہ ہندوستان میں شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا۔

انضمام الحق کا خبر رساں ادارے اے ایف پی کو اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’ایک شخص ایک دفعہ اپنی سزا پوری کرتا ہے تو وہ زندہ رہنے، کھیلنے اور سب کچھ کرنے کا حق رکھتا ہے‘۔

’میرا ماننا ہے کہ دوسرے کھلاڑیوں کو بھی واپسی کا موقع ملنا چاہیے‘۔

انضمام الحق نے گزشہ سال افغانستان کی کرکٹ ٹیم کے کوچ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالی تھیں اور اس وقت وہ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کی تیاریوں کے سلسلے میں نئی دہلی میں ٹیم کے ساتھ مشغول ہیں۔

پاکستان کے لیے 120 ٹیسٹ اور 388 ون ڈے میچز کھیلنے والے سابق مایہ ناز بلے باز نے ڈھاکا میں ایشیا کپ کےمیچ میں ہندوستان کے خلاف محمد عامر کے باؤلنگ اسپیل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ’ یہ اٹل حقیقت ہے کہ اتنی صلاحیت کے ساتھ ہی کوئی شخص ایک طویل عرصے بعد اُسی پرانے دم خم کے ساتھ باؤلنگ کرسکتا ہے‘۔

ان کا کہنا تھا کہ’جس طرح انھوں نے ہندوستان کے خلاف باؤلنگ کی اس سے یہ نہیں لگتا تھا کہ وہ 5 سال بعد واپسی کررہا ہے، یہ قابل دید تھا‘۔

پاکستان کو میچ میں 5 وکٹوں کو شکست ہوئی لیکن 23 سالہ فاسٹ باؤلر محمد عامر نے اپنی شاندار باؤلنگ سے سب کو متاثر کیا۔

محمدعامر کی عالمی کرکٹ پر5 سال کی پابندی گزشتہ سال اپریل میں آئی سی سی کی جانب سے اٹھا لی گئی تھی جبکہ محمد آصف اور سلمان بٹ ستمبر میں قومی اور بین الاقوامی میچوں کے لیے اہل قرار پائے گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا تھا کہ دونوں کھلاڑیوں کوبین الاقوامی کرکٹ میں واپسی کےلیے سخت محنت کرنا ہوگی۔

انھوں نے رواں سال جنوری میں کامیاب انداز میں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کی تھی جہاں سلمان بٹ نے سنچری بنائی تھی جبکہ آصف نے ون ڈے کپ میں اپنے پہلے میچ میں دو وکٹیں حاصل کیں۔

تینوں پاکستانی کھلاڑیوں کو 2011 میں برطانیہ کی عدالت نے مجرم قرار دیتے ہوئے قید کی سزا دی تھی اور وہ سزا پوری کرنے کے بعد رہا ہوئے تھے۔

محمد عامر کی دورہ نیوزی لینڈ میں عالمی کرکٹ میں واپسی ہوئی تھی جہاں انھوں نے وکٹیں حاصل کرنے کی اہلیت کو ثابت کیا۔

انضمام 8 مارچ سے شروع ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو کمزور ٹیم تصور نہیں کرتے۔

انضمام کا کہنا تھا کہ پاکستانی بلے بازوں کی ایشیا کپ میں ناقص کارکردگی کے باوجود پاکستان کے پاس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں کامیابی کا موقع موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ’ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ غیر متوقع طرز ہے اس لیے آپ کسی ٹیم کے بھی امکانات کو رد نہیں کرسکتے‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 28 نومبر 2024
کارٹون : 27 نومبر 2024